ہفتہ، 6 اکتوبر، 2012

بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم میں نذرانہؐ خلوص و محبت



بسم اللہ الرحمن الرحیم
نعتِ رسول اکرم ﷺ
کلام از: ڈاکٹر محمد حسین مُشاہد رضوی
صبیح آپ ، صباحت کی آبرُو بھی آپ
ملیح آپ ، ملاحت کی آبرُو بھی آپ
ہوا ، نہ ہے ، نہ کبھی ہوگا آپ سا کوئی
وجیہ آپ ، وجاہت کی آبرُو بھی آپ
سعادتوں نے سعادت ہے آپ سے پائی
سعید آپ ، سعادت کی آبرُو بھی آپ
سراپا آپ کا معمور نکہتوں سے ہے
نفیس آپ ، نفاست کی آبرُو بھی آپ
زبان گنگ فصیحانِ کائنات کی ہے
فصیح آپ ، فصاحت کی آبرُو بھی آپ
بلاغتوں میں جو یکتا تھے بن گئے گونگے
بلیغ آپ ، بلاغت کی آبرُو بھی آپ
ہر ایک لفظ دلوں میں اترتا جاتا تھا
خطیب آپ خطابت کی آبرو بھی آپ
جو قتل کرنے کے درپَے تھے وہ بھی کہتے تھے
امیٖن آپ ، امانت کی آبرُو بھی آپ
قسیمِ نعمتِ رب آپ ہیں مرے آقا
کفیل آپ ، کفالت کی آبرُو بھی آپ
ہزار جُرم وخطا ہیں ، ہیں آپ کے لیکن
شفیع آپ ، شفاعت کی آبرُو بھی آپ
عطا ہو عصیاں کی بیماریوں سے آقا شفا
طبیب آپ طبابت کی آبرُو بھی آپ
بروزِ حشر مشاہدؔ کے ، پیشِ ربِّ جلیل
وکیل آپ ، وکالت کی آبرُو بھی آپ

3 تبصرے:

  1. Masha Allah Bradram Mushahid Razvi Sahab Aap ki Fasahat wo Balagat ke kya kahene... SUBHAN ALLAH... Bahot Khub Aap ke qalam ko Raza , Noori , Akhtar awr Nazmi ka Faiz mila hae...

    جواب دیںحذف کریں
  2. جزاک اللہ آپ خوش رہیں ۔۔شاد و آباد اور اسی طرح سنیت پر قائم رہیں ۔۔۔آمین

    جواب دیںحذف کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں