جمعہ، 15 نومبر، 2013

kya Yahi Shan E Musalamani Hae ??



کیایہی شانِ مسلمانی ہے !!؟
ڈاکٹر محمد حسین مشاہدؔرضوی
       کیا یہی شانِ مسلمانی ہے کہ آپ کے گھر کی خواتین بے پردہ ، اور اس پر ظلم یہ کہ آپ بھی ان کے ہمراہ، افسوس صد ہزار افسوس!! کہاں کھو گئی ہے تمہاری غیرتِ ایمانی ---- اللہ واحد و قہارعزوجل کا حکم ہے :"اے نبی! اپنی بی بیوں اورصاحب زادیوں اور مسلمان عورتوں سے فرمادو! کہ اپنی چادروں کاایک حصہ اپنے منہ پر ڈالے رہیں یہ اس سے نزدیک تر ہے کہ ان کی پہچان ہو تو ستائی جائیں اوراللہ بخشنے والامہربان ہے۔" (سورہ احزاب۵۹)
       رسول اکرم ﷺ کافرمانِ عالی شان ہے کہ :" وہ مرد دیوث ہیں جو اپنی عورتوں کو بے پردہ گھماتے ہیں ۔" ---- اور ہمارا عمل ، ہمارا فعل ، ہمارا کردار اس قرآنی حکم اور حدیث کے فرمان کے بالکل برعکس ہے۔ یاد رکھیں! آپ کو ، ہم کو ، سب کو ، میدانِ محشر میں اللہ عزوجل کے حضور جانا ہے ۔ جہاں احکام خداورسول جل و علا وصلی اللہ علیہ وسلم کو ترک کرنے والے کے لیے سخت ترین سزائیں ہیں اور ان پر عمل کرنے والے کے لیے عطیم ترین انعامات ہیں۔ بے پردگی کیا ہے ، احکامِ خداورسول جل و علاسے انحراف ہے، اس کی بھی سخت اور ہولناک سزائیں ہیں ، جس کے بارے میں اللہ و رسول جلا و علا وصلی اللہ علیہ وسلم یہ فرمائیں کہ اپنی عورتوں کو بے پردہ نہ گھمائیں اور بے پردہ گھومنے والی عورتوں پر اللہ عزوجل کی لعنتیں۔۔ مگر!!حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہیدانِ کربلا کا نام لینے والے، ان سے محبت و عقیدت کا دعویٰ کرنے والے اپنی ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں اور بیویوں کو نہ صرف بے پردہ گھومنے پھرنے کی اجازت دیں بل کہ خود اپنے ساتھ گھمائیں ، تعزیہ ، شیر باگ، عَلم ، سواری ، ڈھول ، تاشے ، باجے ، گانے ، عورتوں اور مردوں کے ملے جلے میلے ٹھیلے، فرضی کربلا اورمحرم الحرام کی دوسری بے ہودہ محفلوں میں خود بھی جائیں اور خواتین اسلام کو بھی پہنچائیں۔ افسوس افسوس ! توبہ توبہ! خدا کی پناہ ! الامان والحفیظ !! اللہ عزوجل اپنی امان میں رکھیں ۔ آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
       اے شہیدانِ کربلا رضوان اللہ علیہم اجمعین کے نام لیواؤ! اِن ایام میں خرافات و بدعات اور منکرات سے خود بھی بچیے ، ماوں ، بہنوں اور اعزّہ و اقربا کو دور رکھیے ، علماے اہل سنت و جماعت کے حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے موضوع پر ہوئے بیانات اور مواعظِ حسنہ کو سماعت فرمائیے ۔ قرآن کریم کی تلاوت کیجیے، اور حضرت سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ اور شہَداے کربلا رضوان اللہ اجمعین کی ارواحِ طیبات کو ایصالِ ثواب کیجے ، یومِ عاشورہ کو ایک دن اور ملاکر دو دن روزہ رکھیے ، قبرستان جائیے، دعاے عاشورعہ پڑھیے، نوافل کا اہتمام کیجیے، یتیموں کے سروں پر ہاتھ رکھیے، بیواؤں ، مظلوموں ، فقیروں اور غریبوں کی دادرسی کیجیے، بیماروں کی عیادت کیجیے کہ ان ہی اعمالِ صالحہ میںدنیا و آخرت دونوں کی بھلائی ہے۔
       اللہ عزوجل ، رحمت عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے صدقہ و طفیل ہر مسلمان کو شیطانِ لعین اور نفس امارہ کی شرارتوں سے محفوظ و مامون رکھے ۔ (آمین بجاہ النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وصحبہٖ وبارک وسلم)

..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg





کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں