ہفتہ، 23 اگست، 2014

Hauz E Kausar

حوضِ کوثر
قیامت کے دن ہر نبی کے لئے ایک حوض ہو گا اور ہمارے نبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے حوض کا نام کوثر ہے- حوض کوثر ایک ماہ مسافت کی درازی میں ہو گا اس کی مٹی نہایت خوشبودار مہکتی ہوئی مشک ہوگی ، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، شہد سے زیادہ میٹھا،مشک سے زیادہ خوشبودار، اور برف سے زیادہ ٹھنڈا ہوگا۔ اس کے پینے کے برتن ستاروں کی مانند چمکدار ہونگے، حضورپاک صلی اللّٰہ علیہ وسلم اپنے دستِ مبارک سے اپنے امتیوں کو جام بھر بھر کر پلائیں گے جو ایک بار پی لے گا پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا- صحیح بخاری شریف باب فى الحوض ﴿حدیث نمبر:6581 ﴾ میں حدیث پاک ہے عن أنس بن مالك عن النبى صلى الله عليه وسلم قال بينما أنا أسير فى الجنة إذا أنا بنهر حافتاه قباب الدر المجوف قلت ما هذا يا جبريل قال هذا الكوثر الذى أعطاك ربك . فإذا طينه مسك أذفر- ترجمہ :سیدنا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا:حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس وقت میں جنت میں چل رہا تھا اچانک ایک نہر کے پاس پہنچا جسکے دونوں جانب ایسے موتی کے خیمے ہیں جس کو اندر سے تراشا گیا ہے ۔ میں نے کہا اے جبریل یہ کیا ہے تو انہوں نے عرض کیا یہ وہ کوثر ہے جو آپکے رب نے آپ کو عطا کیا ۔پس میں کیا دیکھتا ہوں کہ اسکی مٹی مہکتی ہوئی مشک ہے- اور ایک روایت میں اسکے پانی کی نوعیت ،اور اسکی خوشبو اور اسکے برتن کا ذکر کیا گیا ہے ، صحیح بخاری شریف باب فى الحوض ﴿حدیث نمبر: 6579 ﴾ میں حدیث پاک ہے:عن عبد الله بن عمرو قال قال رسول اللہ صلى الله عليه وسلم حوضى مسيرة شهر وزواياه سواء ماؤه أبيض من اللبن ، وريحه أطيب من المسك ، وكيزانه كنجوم السماء ، من شرب منها فلا يظمأ أبدا- ترجمہ : سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے فرمایا:حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:میرا حوض ایک مہینہ کی مسافت کا ہے اور اسکے تمام کنارے برابر ہیں ،، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید، اسکی خوشبو مشک سے زیادہ معطر اور اس کے کوزے آسمان کے تاروں کی مانند چمکدار ہیں ،جو ان سے پئے گا وہ کبھی پیاسا نہ ہوگا۔
سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “ میرا حوض (کوثر، طول و عرض میں) مہینے کی مسافت کا ہے۔ پانی اس کا دودھ سے زیادہ سفید اور مشک سے زیادہ خوشبودار ہے اور آبخورے (پینے کے برتن جیسے جام، پیالہ وغیرہ) اس کے ایسے ہیں جیسے آسمان کے ستارے، جس نے اس میں سے (ایک دفعہ) پی لیا وہ پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا۔”
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “ تمہارے سامنے میرا حوض (کوثر) ہو گا۔ وہ اتنا بڑا ہے جتنا جرباء سے اذرح تک کا فاصلہ۔”
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “ میرے حوض کی مقدار اتنی ہے جتنی ایلہ سے ضعاء تک (کی مسافت ہے۔ اور یہ دونوں شہر ملک یمن میں واقع ہیں) اور اس کے کوزے (پینے پلانے کے برتن) اس قدر ہیں جتنے آسمان کے ستارے۔”
سیدنا حارثہ بن وہب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حوض کوثر کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: “ اس کا طول اتنا ہے جیسے مدینہ سے صنعاء یمن تک (کی مسافت)۔” 
رواه البخاري
واللہ ورسولہٗ اعلم بالصواب
By : Mushahid Razvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں