ہفتہ، 1 اگست، 2015

Fazail E Akhlaq Ahadees ki Raushni Me


فضائلِ اخلاق احادیث کی روشنی میں

ترتیب و پیش کش: ڈاکٹر محمد حسین مُشاہدؔر ضوی (مالیگاؤں ، انڈیا)

اتمام اخلاق --- مقصدِ بعثت
اسلام میں اخلاقیات کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ ایمان و عقائد کی درستی کے بعد نیک اعمال و افعال کرتے ہوئے جب تک ایک مسلمان حُسنِ اخلاق جیسی صفت سے متصف نہ ہوجائے اس کی زندگی دوسروں کے لیے نمونۂ عمل نہیں بن سکتی ۔ جب کہ ہر مسلمان دین کا داعی ہے ۔ اس لحاظ سے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو اخلاقِ حسنہ سے آراستہ و پیراستہ کرے۔ ابتداے اسلام میں جہاں مجاہدینِ اسلام کی کوششوں سے اسلام کی ترویج و اشاعت ہوئی وہیں زمانۂ خیرالقرون کے نیک سیرت داعیانِ اسلام کے اخلاقِ حسنہ کی تلوار سے بھی اسلام خوب خوب پھیلا ۔
نبی کریم رؤف و رحیم ﷺ کی بعثت کے مقاصد میں سے ایک اخلاق کا اتمام بھی ہے ۔ آقاے کائنات ﷺ مکارمِ اخلاق کی تکمیل کے لیے اس کائناتِ گیتی میں مبعوث ہوئے ۔ آپ کی حیاتِ تابندہ کا ایک ایک ورق آپ کے خُلقِ عظیم کا اجلا نقش ہے ۔ قرآن کریم میں رب کریم جل جلالہٗ نے اپنے نبیِ کریم ﷺ کے اخلاقِ حسنہ کی عظمت کو بیان فرمایا ہے۔ قرآن کے علاوہ آقاے کائنات ﷺ کے اخلاق سے متعلق نیز اخلاقِ حسنہ کی عملی زندگی میں اہمیت و ضرورت کے بارے میں متعدد احادیث وارد ہوئی ہیں۔ 



(١) عَنْ أَبِی هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّمَا بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ صَالِحَ الْأَخْلَاقِ۔ (احمد، رقم ٨٩٥٢)
’’ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں  کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں  اچھے اخلاق کو اُن کے اتمام تک پہنچانے کے لیے مبعوث کیا گیا ہوں ۔‘‘
ہر صاحبِ ایمان و اسلام  سے دین کے اہم ترین مطالبات میں سے ایک  تزکیۂ  اخلاق بھی ہے۔دنیو ی و اُخروی  کامیابی وسرفرازی کے لیے یہ لازم ہے کہ انسان خالق اور مخلوق دونوں  کے ساتھ اپنے عمل کو خلوص و للہیت کے ساتھ طہارت و پاکیزگی کا مظہر  بنائے۔ پاکیزہ عمل ہی’’ عملِ صالح ‘‘کہلاتا ہے۔نبیِ کریم رؤف و رحیم  ﷺ کی بعثت کے مقاصد میں سے ایک یہ بھی تھا کہ آپ اعلیٰ اخلاق کی تکمیل فرمادیں۔

اخلاقِ نبوی اور آپ ﷺکا معیارِ فضیلت
خالقِ کائنات کی جملہ مخلوقات میں ہر لحاظ سے سب سے افضل و اشرف اور اعظم و اکرم ذات نبیِ کونین ﷺہی ہیں ۔ آپ کی ذاتِ ستودہ صفات کو اللہ کریم جل جلالہٗ نے جملہ عیوب سے پاک و منزہ بناکر اس دنیا میں مبعوث فرمایا ۔ آپ ﷺ کو اللہ کریم جل جلالہٗ نے اخلاقِ حسنہ کا پیکرِ حسین بنایا اورآپ کی ذات کو جمیل اور اخلاق کو عظیم قرار دیا ۔  قرآن مجید میں ارشاد فرمایا: وَ اِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیۡمٍ  ’’اور بے شک تمہاری خوبو بڑی شان کی ہے‘‘ (سورۃ القلم آیت ۴، ترجمہ کنزالایمان)
 عاشقِ رسول امام احمد رضا قادری برکاتی بریلوی یوں نغمہ سرا ہوتے ہیں        ؎
ترے خُلق کو حق نے عظیم کہا ، تری خَلق کو حق نے جمیل کیا
کوئی تجھ سا ہوا ہے نہ ہوگا شہا، ترے خالقِ حُسن و اداد کی قسم
نبیِ کریم ﷺ کے اخلاقِ کریمانہ بڑے عظیم تھے آپ ہر ایک سے بڑی خوش اخلاقی سے پیش آتے ، کسی سے بد زبانی نہ کرتے نہ ہی کبھی بد گوئی ۔ رحمتِ عالم ﷺ اُسی انسان کو سب سے اچھا قرار دیتے جس کے اخلاق اچھے ہوتے ۔
(٢) عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو رَضِیَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ لَمْ يَکُنْ النَّبِیُّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَاحِشًا وَلَا مُتَفَحِّشًا وَکَانَ يَقُولُ: إِنَّ مِنْ خِيَارِکُمْ أَحْسَنَکُمْ أَخْلَاقًا۔ (صحيح بخاری، رقم ٣٥٥٩)
’’عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ بد گوئی کرنے والے تھے نہ بد زبانی۔ آپ فرمایا کرتے تھے: تم میں  سے بہترین لوگ وہی ہیں  جو اپنے اخلاق میں  دوسروں  سے اچھے ہیں ۔‘‘

(٣) عَنْ مَسْرُوقٍ قَالَ دَخَلْنَا عَلَی عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرٍو حِينَ قَدِمَ مُعَاوِيَةُ إِلَی الْکُوفَةِ فَذَکَرَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ لَمْ يَکُنْ فَاحِشًا وَلَا مُتَفَحِّشًا وَقَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّ مِنْ خِيَارِکُمْ أَحَاسِنَکُمْ أَخْلَاقًا۔ (صحيح مسلم، رقم ٦٠٣٣)
’’مسروق سے روایت ہے کہ جب معاویہ رضی اللہ عنہ کوفہ آئے تو ہم (ان کے ساتھ آنے والے صحابی) عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے ملنے گئے۔ انھوں  نے دورانِ گفتگو رسول اللہ ﷺ کا ذکر چھیڑا اور یہ بتایا کہ آپ نہ بد گوئی کرنے والے تھے نہ بد زبانی اور یہ بھی بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: ''تم میں  سے بہترین لوگ وہی ہیں  جو اپنے اخلاق میں  دوسروں  سے اچھے ہیں ۔‘‘

(٤) قَالَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ عَمْرٍو إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لَمْ يَکُنْ فَاحِشًا وَلَا مُتَفَحِّشًا وَقَالَ:إِنَّ مِنْ أَحَبِّکُمْ إِلَیَّ أَحْسَنَکُمْ أَخْلَاقًا۔ (بخاری، رقم ٣٧٥٩)
’’عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نہ بد گوئی کرنے والے تھے نہ بد زبانی۔ آپ کا ارشادہے: مجھے تم میں  سے وہی لوگ سب سے زیادہ محبوب ہیں  جو دوسروں  سے بہتر اخلاق والے ہیں ۔‘‘

درج بالا  احادیث آقاے کریم ﷺکے اخلاق عالیہ کے پہلوؤں  کو بیان کرتی ہیں  کہ آپ ﷺتلخ و شیریں ، غصہ و محبت، اچھے اور برے کسی حال میں  بھی بد گوئی اور بد زبانی کرنے والے نہ تھے۔ آپﷺ خود بھی اعلیٰ اخلاق کے حامل تھے اور آپ کے نزدیک وہی لوگ زیادہ پسندیدہ تھے جو اخلاق میں  دوسروں  سے بہتر ہوتے تھے۔

اخلاقِ حسنہ کی حیثیت
ایمان و عقیدے کی پختگی اور فرائض و واجبات کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اخلاقِ حسنہ کو اپنی زندگی کا لازمی جز بنانا ہر مسلمان پر ضروری ہے ۔ اخلاقِ حسنہ کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ احادیث طیبہ میں واردہوا ہے کہ میزانِ عمل پر اچھے اخلاق سے زیادہ وزنی کوئی چیز نہ ہوگی ۔اور یہ کہ اللہ کریم جل جلالہٗ بد گو اور بے حیا شخص کو پسند نہیں فرماتا ۔ چناں اللہ کریم جل جلالہٗ کی قربت و محبوبیت کے ساتھ دنیوی و اخروی اطمینان و سکون کے لیے بے حیائی اور بدگوئی سے پرہیز کرتے ہوئے اخلاقیات سے اپنے آپ کو مزین کریں ۔
(٥) عَنْ أَبِی الدَّرْدَاء ِ عَنْ النَّبِیِّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَا مِنْ شَیْء ٍ أَثْقَلُ فِی الْمِيزَانِ مِنْ حُسْنِ الْخُلُقِ۔ (ابوداؤد، رقم٤٧٩٩)
’’ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺنے فرمایا: قیامت کے دن میزان میں  کوئی چیز بھی اچھے اخلاق سے زیادہ وزنی نہ ہو گی۔‘‘

(٦) عَنْ أَبِی الدَّرْدَاء ِ أَنَّ النَّبِیَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: مَا شَیْء ٌ أَثْقَلُ فِی مِيزَانِ الْمُؤْمِنِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مِنْ خُلُقٍ حَسَنٍ وَإِنَّ اللَّهَ لَيُبْغِضُ الْفَاحِشَ الْبَذِيئَ۔ (ترمذی، رقم ٢٠٠٢)
’’ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن مؤمن کی میزان میں  کوئی چیز بھی اُس کے اچھے اخلاق سے زیادہ وزنی نہ ہو گی اور بے شک اللہ تعالیٰ بے حیا بد گو شخص کو دشمن رکھتا ہے۔‘‘
 درج بالا احادیث طیبہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ آخرت میں نجات کے لیے وہ بہترین اور عمدہ عمل جس  کا انسان تصور کر سکتا ہے، وہ اس کا اچھا اخلاق ہی ہے، چناں  چہ یہی عمل میدانِ محشر میں  میزان عمل پر   سب سے زیادہ وزنی ہو گا۔ بے حیائی اور بد گوئی، ان دونوں  صفات کو وہی شخص اپنا سکتا ہے جو اخلاق سے اصلاًعاری ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ایسا شخص اللہ تعالیٰ کے ہاں  مبغوض اور ناپسندیدہ ہے۔

اخلاق حسنہ کا درجہ
اخلاقِ حسنہ سے مسلمان کو بلند رتبہ حاصل ہوتا ہے۔ ایمان و عقائد کی درستگی اور فرائض و واجبات کی ادایگی کے بعد جب تک مسلمان اخلاقِ حسنہ کا پیکر نہیں بن جاتا اس کے درجات میں بلندی نہیں ہوتی۔ اللہ کریم جل جلالہٗ اُس بندۂ مومن کو درجوں بلند فرماتا ہے جس کا اخلاق اچھا ہوتا ہے۔
(٧) عَنْ عَائِشَةَ رَحِمَهَا اللَّهُ قَالَتْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: إِنَّ الْمُؤْمِنَ لَيُدْرِكُ بِحُسْنِ خُلُقِهِ دَرَجَةَ الصَّائِمِ الْقَائِم۔ (ابو داؤد، رقم ٤٧٩٨)
’’عائشہ رحمھا اللہ سے روایت ہے کہ میں  نے نبیﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ بندہ مومن حسن اخلاق سے وہی درجہ حاصل کر لیتا ہے جو دن کے روزوں  اور رات کی نمازوں  سے حاصل ہوتا ہے ۔‘‘

(٨) عَنْ أَبِی الدَّرْدَاء ِ قَالَ سَمِعْتُ النَّبِیَّ صَلَّی اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: مَا مِنْ شَیْء ٍ يُوضَعُ فِی الْمِيزَانِ أَثْقَلُ مِنْ حُسْنِ الْخُلُقِ وَإِنَّ صَاحِبَ حُسْنِ الْخُلُقِ لَيَبْلُغُ بِهِ دَرَجَةَ صَاحِبِ الصَّوْمِ وَالصَّلَاةِ۔ (ترمذی، رقم٢٠٠٣)
’’ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں  نے نبی ﷺکو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ میزان میں  کوئی بھی ایسی چیز نہ رکھی جائے گی جو حسن خلق سے بھی زیادہ وزنی ہو۔ انسان اپنے اچھے اخلاق سے دن بھر روزے رکھنے اور رات بھر نماز پڑھنے والے شخص کا درجہ حاصل کر لیتا ہے۔‘‘
درج بالا احادیث سے ظاہر ہوتا ہے کہ  اللہ کی رضا و خوش نودی کے لیے دن بھر روزے رکھنا اور رات بھر نماز پڑھنا یقیناً یہ دونوں  بہت بڑے اعمال ہیں  اور انسان ان سے بہت بلند درجہ حاصل کر لیتا ہے۔ لیکن آقاے کائنات ﷺ نے  اخلاق عالیہ کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہی درجہ انسان اچھے اخلاق سے بھی حاصل کر سکتا ہے۔اس سے اخلاقِ حسنہ کی عظمت کو بآسانی فہم کیا جاسکتا ہے۔ 

..:: Follow us on ::..


http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg

 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں