بسم اللہ الرحمن الرحیم
عقیدۂ ختم نبوت پر اردوکےمنتخب نعتیہ اشعار
----- محمد حسین مشاہد رضوی
اللہ رب العزت جل جلالہٗ نےسب سے پہلے اپنے محبوب محمد ٘مصطفیٰ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے نور کو پیدا فرمایا ، اس نور کے طفیل سارے عالم و عالمیان کی تخلیق فرمائی ۔ انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیےدنیا میں اُس نے انبیاومرسلین علیہم السلام کو مبعوث فرمایا۔ حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک انبیا و مرسلین علیہم السلام اِس دنیا میں تشریف لاتے رہے اور عالمِ انسانیت کو فوز و فلاح کی راہ دکھاتے رہے۔ جس نور سے اللہ نے ساری کائنات کو خلق فرمایا ۔ اخیر میں اسی نورِ مبین یعنی خاتم المرسلین حضرت سیدنا و مولانامحمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرقِ اقدس پر نبیِ آخر الزماں کا تاجِ فضیلت و کرامت سجا کر اِس خاکدانِ گیتی پر جلوہ گر فرماتے ہوئے :مَا کَانَ مُحَمَّدٌ اَبَاۤ اَحَدٍ مِّنۡ رِّجَالِکُمْ وَلٰکِنۡ رَّسُوۡلَ اللہِ وَ خَاتَمَ النَّبِیّٖنَ ؕ وَ کَانَ اللہُ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمًا کا فرمانِ والا شان بھی قرآن میں نازل فرمایا کہ : محمد(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تمہارے مَردوں میں کسی کے باپ نہیں ، ہاں! اللّٰہ کے رسول ہیں ، اور سب نبیوں کے پچھلے ،اور اللّٰہ سب کچھ جانتا ہے( سورۃ الاحزاب آیت ۴۰)یعنی نبیِ کریم ﷺآخر الانبیاء ہیںکہ نبوّت آپ پر ختم ہو گئی آپ کی نبوّت کے بعد کسی کو نبوّت نہیں مل سکتی حتّٰی کہ جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام نازل ہو ں گے تو اگرچہ نبوّت پہلے پا چکے ہیں مگر نُزول کے بعد شریعتِ محمدیہ پر عامل ہوں گے اور اسی شریعت پر حکم کریں گے اور آپ ہی کے قبلہ یعنی کعبہ معظّمہ کی طرف نماز پڑھیں گے ، حضور کا آخر الانبیاء ہونا قطعی ہے ، نصِّ قرآنی بھی اس میں وارد ہے اور صحاح کی بکثرت احادیث توحدِّ تواتر تک پہنچتی ہیں ۔ ان سب سے ثابت ہے کہ حضور سب سے پچھلے نبی ہیں آپ کے بعد کوئی نبی ہونے والا نہیں جو حضور کی نبوّت کے بعد کسی اور کو نبوّت ملنا ممکن جانے ، وہ ختمِ نبوّت کا منکِر اور کافِر خارج از اسلام ہے ۔
عقیدۂ ختم نبوت کو تسلیم کرنا عین اسلام و ایمان ہے ۔ نبیِ کریم مصطفیٰ جانِ رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نہ ماننا غیر اسلامی عقیدہ ہے ۔ جو بھی آپ کے بعد کسی بھی شخص کو نبی مانے وہ مسلمان نہیں بلکہ دائرۂ اسلام سے خارج مانا جائے گا۔ دورِ صحابہ سے لے کر اب تک جتنے بھی افراد میں نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا اُن کےفاسد اور کفریہ عقائدو نظریات کی ہر دور میں تردید کی جاتی رہی ہے۔ ان کذابوں کی دروغ گوئی کا ہر زمانے میں پرد ہ چاک کرنے میں علماے کرام کے ساتھ ساتھ شعراے اسلام نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ چناں چہ مختلف اندازمیں اپنی قوتِ متخیلہ کو بروے کار لاتے ہوئے شعرا ے اسلام نے اپنی نعتوں اور دیگر اصناف کے وسیلے سے عقیدۂ ختم نبوت کو اشعار کے پیکر میں ڈھالنے کی خوب صورت کوششیں کی ہیں۔ خصوصیت کے ساتھ برصغیر ہندو پاک میں جب اردو اپنے تشکیلی دور سے آگے بڑھ کر ادبی زبان کا درجہ حاصل کرچکی تھی اُس عصر میں مرزا غلام احمد قادیانی کذاب نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اردو زبان و ادب میں نثر و نظم کےذریعے جس قدر عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ اور جھوٹے دعواے نبوت کی تردید میں مضامین اور خیالات ملتے ہیں وہ سب اِسی مرزاے قادیان کذاب کے رد میں ہی ہیں۔ انگریزی عہد میں انگریزوں کے نمک خوار اسلام مخالف اِس کذاب نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیاعلماے اسلام نے اس کی پُرزور انداز میں مخالفت کی ، مناظرے کیے، اجلاس کا انعقاد کیا ، کانفرنسیں منعقد کیں ، کتابیں تصنیف فرمائیں ،شعرا نے اپنے اشعار کے ذریعے اِس کذاب کے عقائدِ باطلہ کا ردِ بلیغ کیا۔ غرض کہ ہر ہر محاذ پر علما نے عقیدۂ ختم نبوت کی حفاظت و صیانت کا کام انجام دیا اور انھیں کے شانہ بہ شانہ شعراے اسلام نے بھی عقیدۂ ختم نبوت کو اپنی فکر و نظر کا مرکز و محور بنایا۔ اردو نعت میں کافیؔ، محسنؔ ، رضاؔ،امیرؔ مینائی،اکبرؔ وارثی، ظفرؔ علی خاں، مظہرؔ، نصیرؔ، حسنؔ، نظرؔ، اخترؔ الحامدی، ماہرؔ القادری، حفیظ تائبؔ، مظفرؔ وارثی، بشیر حسین ناظمؔ، راجا رشید محمودؔ وغیرہم نے جو روشن نقوش مرتب کیے ہیں ، وہ مثالی حیثیت کے حامل ہیں ۔ان شعرا کے ہاں عقیدۂ ختم نبوت کا بھرپور نظارا ہمیں دیکھنے کو ملتا ہے ۔ علاوہ ان حضرات کے اردو کے جدید شعراے نعت کے ہاں بھی عقیدۂ ختم نبوت کا گہرا رچاؤ پایا جاتا ہے۔ اردو نعت کے عصری منظر نامے پر بھی جب ہم طائرانہ نگاہ ڈالتے ہیں تو بیشتر شعرا کے یہاں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق و محبت اور اُن کے اسوۂ حسنہ پر عمل کی تلقین کے ساتھ ساتھ عقیدۂ ختم نبوت کا رنگارنگ اندازجلوہ گرنظر آتا ہے۔ اس مضمون میں بلاتبصرہ مختلف نعت گو شعراے کرام کےایسے منتخب اشعار پیش کیے جارہے ہیں ،جن میں عقیدۂ ختم نبوت کا بیان کیا گیا ہے :
قلی قطب شاہ معانی ؔ:
تج مکھ اجت کی جوت تھے عالم وپین ہارا ہوا
تج دین تھے اسلام لے موہن جگت سارا ہوا
یک لک اسی پیغمبراںاپجے جگت میانے ولے
تج پر ہے نبوت ختم سب تھے تو ہی پیا را ہوا
----
ملاوجہیؔ:
اسی ہور ایک لاک پیغمبر آئے
ولے مرتبا کوئی تیرا نہ پائے
چھپا نور سب کا ترے نور انگے
کہ جیوں تارے چھپتے اہے سور انگے
----
نصرتیؔ :
رہے نامور سید المرسلین
کہ آخر ہے وے شافع المذنبیں
نول رُکھ پہ خلقت کے اے دل تو ریج
وہی پھل ہے آخر جو اول ہے بیج
----
غواصیؔ:
تو طہٰ تو یٰٓس تو ابطحی
تو امی تو مکی تو مرسل سبھی
توں اول توں آخر توں ہی ہے امیر
توں ظاہر توں باطن نبی بے نظیر
----
میر حسنؔ :
کیا حق نے نبیوں کا سردار اسے
بنایا نبوت کا حق دار اسے
نبوت جو کی اس پہ حق نے تمام
لکھا اشرف الناس خیر الانام
----
کافیؔ مرادآبادی:
خاتم الانبیاء ہوئے پیدا
مجتبیٰ مصطفیٰ ہوئے پیدا
٭٭٭
شبِ میلادِ ختم المرسلیں ہے نور کے جلوے
کنارے شرق سے مغرب تلک گھر گھر ہوئے پیدا
٭٭٭
شبِ ولادتِ ختم پیغمبراں ہے آج
شبِ ولادتِ سردارِ سرورا ہے آج
٭٭٭
وہ صاحبِ لولاک نبی ختم رسل کی
ہےنوبت و شہرت ورفعنا لک ذکرک
٭٭٭
خاص محبوبِ خدا ختم رسالت پہ سلام
عین رحمت شافعِ روزِ قیامت پہ سلام
٭٭٭
سیدسادات و فخرِ انبیا ختم رسل
سرورِ کونین و سلطانِ رسالت السلام
٭٭٭
سزاوارِ خطابِ رحمۃ للعالمیں ہو تم
بانگشتِ شہادت خاتم ختم رسولاں ہو
----
داغؔ دہلوی:
تو جو اﷲ کا محبوب ہوا خوب ہوا
یانبی خوب ہوا خوب ہوا خوب ہوا
اے شہنشاہِ رسل فخرِ رسل ختمِ رسل
خوب سے خوب خوش اسلوب ہوا خوب ہوا
----
امام احمد رضا ؔبریلوی :
نہ رکھی گل کے جوشِ حسن نے گلشن میں جا باقی
چٹکتا پھر کہاں غنچہ کوئی باغِ رسالت کا
٭٭٭
بزمِ آخر کا شمع فروزاں ہوا
نورِ اوّل کا جلوہ ہمارا نبی
٭٭٭
فتحِ بابِ نبوت پہ بے حد درود
ختمِ دورِ رسالت پہ لاکھوں سلام
٭٭٭
آتے رہے انبیا کما قیل لہم
والخاتم حقکم کہ ختم ہوئے تم
یعنی جو ہوا دفترِ تنزیل تما
آخر میں ہوئی مہرکہ اکملت لکم
----
ڈاکٹر اقبالؔ :
وہ دانائے سبل ختم الرسل مولائے کل جس نے
غبارِ راہ کو بخشا فروغِ وادیِ سینا
نگاہِ عشق و مستی میں وہی اول وہی آخر
وہی یاسیں وہی طٰہٰ وہی قرآں وہی فرقاں
----
حسنؔ رضا بریلوی :
تمام ہوگئی میلادِ انبیاکی خوشی
ہمیشہ اب تیری باری ہے بارہویں تاریخ
٭٭٭
اے نظم رسالت کے چمکتے ہوئے مقطع
تو نے ہی اسے مطلع انوار بنایا
٭٭٭
تھی جو اس ذات سے تکمیل فرامیں منظور
رکھی خاتم کے لیے مُہر نبوت محفوظ
٭٭٭
آپ ہیں ختم رُسل ختم رسالت مہر ہے
آپ آئینہ ہیں وہ تصویرِ پشت آئینہ
گر رسالت کی گواہی چاہتے ختم رسل
بول اُٹھتا طوطیِ تصویر پشت آئینہ
----
جمیلؔ قادری بریلوی:
وہ ختم الانبیاء تشریف فرما ہونے والے ہیں
نبی ہر ایک پہلے سے سناتا یہ خبر آیا
٭٭٭
نہیں ہے اور نہ ہوگا بعد آقا کے نبی کوئی
وہ ہیں شاہِ رسل ختمِ نبوت اس کو کہتے ہیں
لگا کر پشت پر مہرِ نبوت حق تعالیٰ نے
انھیں آخر میں بھیجا خاتمیت اس کو کہتے ہیں
٭٭٭
نہیں ہے اور نہ ہوسکتا ہے بعد اُن کے نبی کوئی
ہوا ظاہر یہ ختم الانبیاء کی مہرِ انور سے
٭٭٭
تمامی انبیا آئے مبشِّر
خبر اول تھی اس مبتدا کی
نہ ہوگا بعد اُن کے پیغمبر
بتاتی ہے مہرِ نبوت نبی کی
----
مفتی اعظم ہندنوریؔ بریلوی:
تم ہو فتحِ بابِ نبوت ، تم سے ختم دورِ رسالت
ان کی پچھلی فضیلت والے صلی اللہ علیک وسلم
٭٭٭
تمہارے بعد پیدا ہونبی کوئی نہیں ممکن
نبوت ختم ہے تم پر کہ ختم الانبیاء تم ہو
----
صفیؔ لکھنوی:
ختم ہو جاتے جو حسن و عشق کے ناز و ادا
شاعری بھی ختم ہو جاتی نبوت کی طرح
----
نیاز ؔفتح پوری:
نبوت ختم ہے اُس پر یہ اپنا دین و ایماں ہے
وہ ہے مثل آپ ہی اپنا یہ مرکوزِ دل وجاں ہے
محمد سا اگر دنیا میں کوئی اور انساں ہے
تو میں کہہ دوں گا ہمتاے خدا ہونا بھی آساں ہے
٭٭٭
گر انساں ہمسرِ شانِ رحیمی ہونہیں سکتا
تو کوئی رحمۃ للعالمیں بھی ہونہیں سکتا
----
احسان دانشؔ:
اب نہ اتریں گے صحیفے اب نہ آئیں گے رسول
لے کے قرآں آخری پیغامبر پیدا ہوئے
----
مفتی احمد یار خاں سالکؔ نعیمی:
باغِ رسالت کی ہیں جزا اور بہارِ آخری
مبدا جو اس گلشن کے تھے وہ منتہیٰ یہی تو ہیں
٭٭٭
سب اولین و آخریں تارے ہیں تم مہرِ مبیں
یہ جگمگائے رات بھر چمکے جو تم کوئی نہیں
----
پیر نصیرالدین نصیرؔ:
جسم میں جب تک جان رہے
یہ تیرا ایمان رہے
سدا رہے یہ تجھ کو یاد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت ہے ایمان
ختم نبوت دین کی جان
یہ اِسلام کی ہے بنیاد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
اِس سے کرے گا جو اِنکار
وہ اِسلام کا ہے غدار
دین ہوا اُس کا برباد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
بات یہ ہے بالکل ظاہر
کہیں گے ہم اُس کو کافر
جو بھی کرے منسوخ جہاد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
یہی ہے مومن کی پہچان
کرتا ہے حق کا اعلان
سہہ لیتا ہے ہر اُفتاد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
حق منوا کر چھوڑیں گے
باطل کا منہ توڑیں گے
عزم ہمارا ہے فولاد
ختم نبوت زندہ باد
ختم نبوت زندہ باد
----
عتیق احمد عتیقؔ:
آپ اولین و آخریں نورِ خداے پاک ہیں
مختص بنام ِ مصطفیٰ صلوا علیہ وآلہ
----
صابرؔ گوالیاری:
دین حق کو آپ نے تکمیل پر پہنچادیا
آخری پیغامِ حق ٹھہری نبوت آپ کی
----
حزیںؔ صدیقی:
ابتدا آپ سے انتہا آ پ سے
دونوں عالم کا ہے سلسلہ آپ سے
----
اعظمؔ چشتی:
ہوئی تھی آپ ہی سے ابتدا امکانِ عالم کی
ہیں سب کی انتہا بن کر محمد مصطفیٰ آئے
----
سید آل رسول حسنین میاں نظمی مارہروی:
وہ ہی حریمِ بزمِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم
وہ ہی نشانِ ختمِ نبوت صلی اللہ علیہ وسلم
٭٭٭
بعثت پہ تیری ختم نبوت کا سلسلہ
پھر کیوں نہ مہرِ ختمِ نبوت کہوں تجھے
----
سید محمد اشرفؔ برکاتی :
لوحِ ازل پہ اولیں ، بزمِ جہاں میں آخری
اسم جسے لکھا گیا ، کون ہے ؟ ہاں! تم ہی تو ہو
----
مفتی اختر ؔرضا بریلوی:
کرنا تھا خدا کو ہم پر یہ آشکارا
آخری نبی ہے اس کو سب سے پیارا
کوئی بھی نبی ہو پچھلی امتوں کا
تم پہ سب کو سبقت یارسول اللہ
٭٭٭
حسنِ اول کی نمودِ اولیں
بزمِ آخر کا اجالا آپ ہیں
٭٭٭
فاتح و خاتمِ پیامبری
گلشنِ دہر کی بہار سلام
----
قمرالزماںقمرؔ اعظمی:
وہ نقشِ اولینِ کلکِ قدرت
نبوت اور رسالت کے وہ خاتم
----
قمرؔ یزدانی:
قمرؔ ! اختتامِ نبوت ہے اُن پر
نبی خاتم الانبیاء بن کے آئے
٭٭٭
رونق فروزِ بزمِ رسالت ترا وجود
اور تاجِ اختتامِ نبوت ہے تیرے سر
٭٭٭
تمہی تو مقتداے اولیں ہو یاحبیب اللہ!
تمہی تو پیشواے آخریں ہو یا حبیب اللہ!
٭٭٭
بالیقیں ہیں وہ انبیا کے امام
خاتمِ مرسلاں محمد (ﷺ)ہیں
٭٭٭
ناسخِ ادیاں رسالت ہے تمہاری واہ واہ
قاطعِ باطل شریعت ہے تمہاری واہ واہ
٭٭٭
مینارِ نور ،حدِّ یقیں کا ہیں بالیقیں
راہِ وفا کی آخری منزل ہیں مصطفیٰ
٭٭٭
ہیں نبیِّ اولیں محبوبِ رب العالمیں
اور رسولِ آخریں محبوبِ رب العالمیں
محفلِ کون و مکاں میں آپ کی ذاتِ جمیل
اولین و آخریں محبوبِ رب العالمیں
٭٭٭
تمہی تو خاتمِ پیغمبراں ہو یارسول اللہ
تمہی تو صدرِ بزمِ مرسلاں ہو یارسول اللہ
٭٭٭
جہانِ کن فکاں کی ابتدا و انتہا تم ہو
ہوئی ہے جن سے تزئینِ حریمِ دوسَرا تم ہو
ہوئی ہے ختم جس پر آیت رفعنا کی
وہی تو مسند آراے حریمِ کبریا تم ہو
----
محمد علی ظہوریؔ:
حضرت ِ موسیٰ جن کو ترستے رہے ، ابنِ مریم بھی جن کی خبر دے گئے
پہلے آئے ہوئے جن کے پیچھے کھڑے ، آج وہ خاتم الانبیاء آگئے
----
محمد عبد الحمید صدیقی نظرؔ لکھنوی:
وہ ختمِ رسل ہیں جسے تسلیم نہیں یہ
وہ راندۂ درگاہِ خداوند وہ مغضوب
٭٭٭
بندھا تھا تارِ نبوت جو اس پہ ختم ہوا
یہ سلسلہ نہ پھر آگے شہِ شہاں سے چلا
٭٭٭
ختم اس پہ ہے نبوت ختم اس پہ ہے رسالت
اس تاج و تخت پر ہے اس کا ہی اب اجارا
٭٭٭
آگے تو سب فسانۂ دجل و فریب ہے
میرے نبی پہ ختم نبوت کی داستاں
٭٭٭
اسی پہ ختم نبوت اسی پہ دیں کامل
ہے تاج و تختِ نبوت اسی کا تا محشر
٭٭٭
اللہ نے اس ذات پہ کی ختم نبوت
اب آئے نبی کوئی نیا ہو نہیں سکتا
٭٭٭
تم ختمِ نبوت صلِّ علیٰ ہم آخرِ امت ہیں واللہ
تا حشر تمہیں تم کیا کہنا تا حشر ہمیں ہم کیا کہیے
٭٭٭
جو آپ کو سمجھے کہ نہیں ختمِ رُسُل آپ
ظالم ہے، وہ کافر ہے، وہ مردود و لعیں ہے
٭٭٭
محمد ابنِ عبداللہ پہ ہاں ختم ہوتا ہے
نبوت کا چلا تھا سلسلہ اوّل جو آدم سے
٭٭٭
قولِ اکملتُ لکم ہے ثبتِ قرآنِ مبیں
ہو گیا اتمامِ دیں بر ذاتِ ختم المرسلیں
٭٭٭
نبوت ختم ہے ان پر رسالت اختتامی ہے
میانِ بندہ و مولا وہ آخر کا پیامی ہے
٭٭٭
نبیوں میں مصطفیٰ ہی وہ فردِ فرید ہے
جس پر کہ ختم وحی خدائے وحید ہے
٭٭٭
ہے ختم کارِ نبوت ان پر رسالت ان پر تمام دیکھیں
ہر ایک پہلو سے ہے مکمل ہزار پہلو یہ کام دیکھیں
٭٭٭
محبوب ہے خدا کا مخدوم ہے جہاں کا
ختم الرسل پہ میرے تکمیلِ دینِ فطرت
٭٭٭
ختم ہے سلسلۂ وحی و نبوت اس پر
دین پائندہ و کامل ہے شریعت محکم
٭٭٭
اے وہ کہ جس پہ منتہی سلسلۂ پیمبری
اے وہ کہ جس نے ختم کی دنیا سے رسمِ آذری
اے وہ امامِ انبیا سب پہ ہے جس کو برتری
اے وہ عطا ہوئی جسے دونوں جہاں کی سروری
خاتم الانبیاء، خاتم المرسلیں منتہی آپ پر کارِ پیغمبری
٭٭٭
نبوت کے منصب کا وہ مختتم
رسالت ہوئی آپ پر منتہی
٭٭٭
رسالت منتہی ان پر نبوت مختتم ان پر
نظرؔ اس میں جسے شک ہو وہ مانگے خیر ایماں کی
٭٭٭
مختتم جس پہ رسالت وہ رسولِ اکرم
منتہی جس پہ نبوت وہ نبی ہے ساقی
٭٭٭
تجھ پر ہی منتہی ہے نبوت کا کارِ طول
اللہ کی طرف سے ہے تو آخری رسول
٭٭٭
اسی پر منتہی کارِ نبوت بھی رسالت بھی
اسی پر دیں ہوا کامل، ہوئی کامل شریعت بھی
٭٭٭
منتہی سلسلۂ کارِ نبوت تجھ پر
تا بہ ہنگامۂ محشر تری آقائی ہے
----
واصف علی واصف ؔ:
سلطانِ انبیا ہے ، تری ذاتِ باصفا
اوّل کہوں یا اوسط و آخر کہوں تجھے
تجھ پر ہوئی ہے ختم ، نبوّت کی داستاں
خاتمِ پیمبروں کا پیمبر کہوں تجھے
----
مظفرؔ وارثی:
حرفِ اول بھی تو حرفِ آخر بھی تو
دیکھتا ہوں مسلسل زمانہ ترا
٭٭٭
تجھ سے پہلے کا جو ماضی تھا ہزاروں کا سہی
اب جو تا حشر کا فردا ہے وہ تنہا تیرا
روزِ ازل انسان کو خدا نے اک منشور دیا
اور اسی منشورِ ہدایت کی تکمیل ہیں آپ
٭٭٭
لقب ہیں رحمتہ للعالمین ختم الرسل جن کے
اُنھیں لطف خدا کی انتہا کہیے بجا کہیے
٭٭٭
خود میرے نبی نے بات یہ بتا دی ، لانبی بعدی
ہر زمانہ سن لے یہ نوائے ہادی ، لانبی بعدی
لمحہ لمحہ اُن کا طاق میں ہوا جگمگانے والا
آخری شریعت کوئی آنے والی اور نہ لانے والا
لہجۂ خدا میں آپ نے صدا دی، لانبی بعدی
تھے اصول جتنے اُن کے ہر سخن میں نظم ہو گئے ہیں
دیں کے سارے رستے آپ تک پہنچ کر ختم ہو گئے ہیں
ذات حرفِ آخر ، بات انفرادی، لانبی بعدی
٭٭٭
بروزِ میثاق
ذات باری نے
عہد نبیوں سے یہ لیا تھا
کریں گے تائید وہ سب اُن کی
جو سب سے آخر میں آنے والے ہیں اِس جہاں میں
وہی جو مصداقِ آرزوئے خلیل بھی ہیں
کلیم جن کے ہوئے منادی
مسیح جن کے بنے مبشر
سلام مبعوثِ آخریں پر
نکالنے والے ظلمتوں سے
وہ حق کے حامل
وہ حق کے مرکز
انھی کو حق نے بنا کے بھیجا
جہاں کی رحمت
انھی پہ دیں ہو گیا مکمل
ہوئی تمام اُن پہ حق کی نعمت
سلام اُس نازشِ زمیں پر
وہ ہیں محمد وہ ہیں احمد
وہی ہی ماحی وہی ہیں حاشر وہی ہیں غالب
وہ ٹھہرے سب انبیا کے خاتم
نبی کوئی اُن کے بعد آئے نہیں یہ ممکن
اٹھائے جائیں گے روزِ محشر وہ سب سے پہلے
ملے گا اذنِ شفاعت اُن کو
وہ دیں گے مایوس امتوں کو
بشارتیں بخشش و عطا کی
انھی کے ہاتھوں میں سب خزانوں کی کنجیاں ہوں گی
پرچمِ حمدِ پاک ہو گا
وہ سب سے پہلے عطا کریں گے
بہشت کےگلشنوں کو رونق
فقیر و محتاج اُن کی امت کے
اُس گھڑی ان کے ساتھ ہوں گے
سلام اُس تاجدارِ دیں پر
٭٭٭
عیاں ہیں دن کی طرح سب صفات ختمِ رسل
کھلی کتاب ہے گویا حیاتِ ختمِ رسل
ہر ارتقا ہے انھی کی نظر سے اذن طلب
تمام حسنِ تمدن زکات ختمِ رسل
ضیا فگن ہے دلیلِ وجود حق بن کر
جریدۂ دوسرا پر ثباتِ ختمِ رسل
جو زندگی کو ہمیشہ حرارتیں دےگا
وہ آفتاب ہے دنیا میں ذاتِ ختمِ رسل
کتابِ زندہ و شرح متین و دینِ مبیں
جہاں میں کم تو نہیں معجزاتِ ختمِ رسل
٭٭٭
محمدِ عربی اعتبارِ لوح و قلم
محمدِ عربی افتخارِ جن و بشر
دارومدار کس پہ ہے فیضِ مدام کا
ختمِ رسل حبیبِ خدا اور کون ہے
تیری عظمت زمانے میں مسلم سیدِ عالم
مؤخر ہو کے بھی تو ہے مقدم سیدِ عالم
قائدِ مرسلیں تمہی ہادئ آخریں تمہی
رحمتِ عالمیں تمہی مصدرِ التفات ہو
٭٭٭
ہستیِ ختمِ رسل ہے زیب دیتا ہے جسے
کشتیِ انسانیت کی ناخدائی کا شرف
----
عباس عدیمؔ قریشی:
میرے نبی کے بعد نبوت کا مدّعی
ملعـونِ دوسرا ہے ، زنیم و پلید ہے
مہدی سمجھ، مسیح سمجھ ،چاہے جو سمجھ
کانا ہمارے ہاں تو مغلّظ رسید ہے
٭٭٭
حرفِ آخر ہے یہ فرماں لانبی بعدی
قولِ آقا ہے نمایاں لا نبی بعدی
اپنا ایماں ہے زبس ختمِ نبوت پہ عدیمؔ
میرے آقا کو ہے شایاں لانبی بعدی
----
تنویر پھولؔ:
وہ ختم الانبیا ہیں ، تا قیامت یہ شریعت ہے
نہیں ہے باز دروازہ رسالت یا نبوت کا
رسالت منصب اعلی ، نبوت اس میں ہے شامل
پیمبر اب نہ آئے گا ، یہ ہے مفہوم آیت کا
٭٭٭
افضل الانبیا ! آپ ہی ہیں شہا ! خاتم الانبیا
آپ کے نام پر ہم ہیں دل سے فدا خاتم الانبیا!
بعد اللہ کے آپ کا مرتبہ، آپ صدرالعلیٰ
سب جہانوں میں کوئی نہیں آپ سا خاتم الانبیا !
رب نے پیغام ' اقراکا بھیجا وہیں ، لائے روح الامیں
آپ کے نور سے ہے منور حرا ، خاتم الانبیا !
سنگ برسائے طائف میں بدبختوں نے ، خوں سے جوتے بھرے
آپ نے پھر بھی ان کا نہ چاہا برا ، خاتم الانبیا !
آپ ہی کو سراجامنیرا ' کہا رب نے قرآن میں
آپ شمس الضحیٰ ، آپ بدرالدجیٰ خاتم الانبیا !
مہرباں مہرباں ، راحت قلب و جاں، مونس بے کساں
آپ رحمت لقب اور عطا ہی عطا، خاتم الانبیا !
پھول روضے پہ کہتا ہے رو رو کے اب ہو کرم کی نظر
دین و دنیا میں ہے آپ کا آسرا، خاتم الانبیا !
٭٭٭
عزیزالدین خاکیؔ:
خلق میں چرچا ہوا ختم نبوت زندہ باد
سارے عالم نے کہا ختم نبوت زندہ باد
آپ کو اللہ نے بخشا ہے ایسا مرتبہ
ہیں امام الانبیاء ختم نبوت زندہ باد
----
سلمان رضا فریدیؔ :
ہے بلندی پہ سدا، ختمِ نبوت کا عَلَم
نہ جھکےگا نہ جھکا، ختمِ نبوت کا عَلَم
زیر کرپائیں گے کیا اس کو زمانے والے
رب نے ہے اونچا کیا، ختم نبوت کا عَلَم
----
مشاہد رضا عبیدؔالقادری :
مر کر بھی نہ پاؤگے کبھی چور در اس کا
آقا کی مرے ختمِ نُبوت زَمَنی ہے
----
فہیم بسمل ؔ:
رب واحد کا دینے پتا آئے ہیں
بن کے ہر بے نوا کی نوا آئے ہیں
مصطفیٰ ! خاتم الانبیا ء آئے ہیں
لے کے آئی خبر کیف پرور ہوا
ہو مبارک حبیبِ خدا آگئے
----
انس نواز رحیمیؔ:
ناز کیوں کر نہ کریں آپ سے نسبت والے
لوگ کہتے ہیں ہمیں ختم نبوت والے
----
مرزاخان ارشدؔ:
ہم ختمِ نبوت کا جو اظہار کریں گے
گر جرم عقیدت ہے تو ہر بار کریں گے
----
محمد آصفؔ قادری:
خدا نے تاج ہے جن کو دیا ختم نبوت کا
وہی ہیں دیں وہی ایماں دُرود ان پر سلام ان پر
----
عبدالمجید محامدؔ مصباحی:
تاج دارِ نبوت سدا آپ ہیں
بابِ ختم نبوت سدا آپ ہیں
----
ابرار حسین نیرؔ:
اسلام کی ہے شرط ، یہ جزو یقین ہے
ختم الرسل کی ختم نبوت کا اعتراف
----
غلام مجتبیٰ ہاشمیؔ:
شریعت ہو ، طریقت ہو، نبوت ہو ، رسالت ہو
ہوا آغاز تم سے ہی ، سبھی کی انتہا تم ہو
یہی فرماں ہے رب کا اور یہی ایمان ہے میرا
’’نبوت ختم ہے تم پر کہ ختم الانبیاء تم ہو‘‘
----
شجاعت علی راہیؔ:
سب انبیا کا عکس جھلکتا ہے آپ میں
سب انبیا کی شان ہیں معراج ہیں
ہے ختم آپ ہی پہ نبوت کا سلسلہ
موسیٰ کے اور مسیح کے سرتاج آپ ہیں
----
محمد عارفؔ قادری:
ہیں وہی ختم الرسل ان پر نبوت ختم ہے
بعدِ رب ، سرکار پر ہر افضلیت ختم ہے
جاں لٹادیں گے اے عارفؔ ہم نبی کے نام پر
اس سعادت پر یقیناً ہر سعادت ختم ہے
----
سید حبدار قائمؔ:
آخری آقا ہیں ، عقیدہ رکھ
حشر تک دل کا یہ وظیفہ رکھ
----
سید فاضل میسوری :
کہے خاتمیتِ مصطفےٰ مرے بعد کوئی نبی نہیں
یہ کسی نبی نے نہیں کہا مرے بعد کوئی نبی نہیں
چلے لاکھ کذب کا سلسلہ یہ اصول رد نہیں ہو سکا
جو بیانیہ ہے حدیث کا مرے بعد کوئی نبی نہیں
ہے خدائے پاک کا فیصلہ نہیں اس میں کوئی بھی شائبہ
کہ مرے رسول نے کہہ دیا مرے بعد کوئی نبی نہیں
تھے غلام جتنے حضور کے وہ یقین والے ضرور تھے
کہ لبِ حضور سے تھا سنا مرے بعد کوئی نبی نہیں
یہ کتابِ حق سے عیاں ہوا کہ ضروری جزو ہے دین کا
جو نبی کا قول ہے برملا مرے بعد کوئی نبی نہیں
----
شمس تبریز انجمؔ:
نائبِ ذاتِ رب العلیٰ آگئے
مالکِ کل ، شہِ انبیا آگئے
اب نہ ہوگا کوئی بھی نبی دوسرا
مصطفیٰ خاتم الانبیاء آگئے
----
طفیل احمد مصباحی:
مظہرِ ذاتِ رب العلیٰ آپ ہیں
مالکِ کل ، حبیبِ خدا آپ ہیں
نصِّ قرآں سے ثابت ہے یہ مسئلہ
مصطفیٰ ، خاتم الانبیاء آپ ہیں
----
محمد اویسؔ رضوی صدیقی:
اے سراپا نور ، اے دل نشین و مہ جبیں
چہر ہ ہے والشمس اور واللیل زلفِ عنبریں
آپ سب سے افضل و اعلیٰ خدا کے بعد ہیں
اے شہِ دیں ، رحمتِ کونین ، ختم المرسلیں
----
محمد حسین مشاہدؔرضوی:
خدا کی حمد کا مطلع ہے مصطفیٰ کی ذات
تمام نبیوں کا مقطع ہے مصطفیٰ کی ذات
خدا گواہ ، رسالت کی نظم کا لاریب
مشاہدؔ آخری مصرع ہےمصطفیٰ کی ذات
٭٭٭
مشعلیں ادیانِ سابق کی سبھی گل ہوگئیں
لے کر آئے مصطفیٰ ختم نبوت کا چراغ
٭٭٭
اور کوئی نہیں خاتم الانبیاء
آپ ہیں بالیقیں خاتم الانبیاء
آپ ہیں آخری آخری آخری
سید المرسلیں خاتم الانبیاء
آپ کی خاتمیّت پہ شاہد ہے خود
ہاں کتابِ مبیں خاتم الانبیاء
میرا ختمِ نبوت پہ ایمان ہے
اے شہنشاہِ دیں خاتم الانبیاء
جان و دل اِس عقیدے پہ واریں گے ہم
اولیں آخریں خاتم الانبیاء
عقیدۂ ختم نبوت کے حوالے سے سوشل میڈیا کے مختلف گروپس اور فورمز پر متعددطرحی و غیر طرحی نعتیہ مشاعرے مسلسل ہورہے ہیں اور اس موضوع پر شعرا حضرات پیہم طبع آزمائی بھی کررہے ہیں ۔ زیر نظر مضمون میں ختم نبوت پر مبنی اردو نعتیہ شاعری کے ذخیرے سے اس اعتراف کے ساتھ منتخب اشعار خوانِ مطالعہ پر سجانے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ نامکمل ہے۔ آپ حضرات سے بھی گزارش ہے کہ اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنے یا اپنے پسندیدہ شعراے کرام کے ختم نبوت پر منحصر اشعار پیش کریں ۔
محمد حسین مشاہدرضوی ، مالیگاؤں
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں