ہفتہ، 20 مئی، 2017

Mah E Razman Ka Isteqbal Awr Ehtemam

ماہ رمضان کا استقبال اوراہتمام: سنتِ نبویﷺ اور صحابہ کا طرزِ عمل
مفتی ضیاء الدین احمد نقش بندی 


    انسانی زندگی میں منصوبہ بندی اور پلاننگ کی بڑی اہمیت ہے ، ہر صاحب سمجھ اور باشعور انسان منصوبہ بندی سے کام کرتاہے ، اسکولس اور کالجس کے لئے جو نصاب تیار کیا جاتاہے ،دراصل وہ اسٹوڈینٹس کی تعلیمی زندگی کے لئے منصوبہ بندی ہے ، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کرتے ہیں، ایک تاجر اپنی تجارت کو فروغ دینے کے لئے اپنے ذہن میں متعدد منصوبے رکھتاہے ، تجارتی منصوبوں پرعمل کرتے ہوئے تاجرین اپنی مصنوعات کی تشہیر کرتے ہیں، اپنے پروڈکٹس کی ایڈورٹایزنگ کرتے ہیں، مسلح افواج ہتھیار اور عددی طاقت کے رکھنے کے ساتھ ساتھ نہایت چابک دستی سے منصوبہ بندی کرتی ہیں۔منصوبہ بندی صرف انسانی ماحول میں ہی نہیں بلکہ عالم حیوانات پر نظر ڈالی جائے تو چرندو پرند ، وحوش وطیور بھی اپنے اپنے طور پر منصوبے رکھتے ہیں ، بعض جانور موسمی تبدیلی کے لحاظ سے رہائش کے لئے نقل مقام کرتے ہیں اور دوسرے جنگل کا رخ کرتے ہیں ، پرندے موسم کے اعتبار سے اپنے مقام کو تبدیل کرتے ہیں ، یہاں تک کہ چیونٹیاں موسم گرما میں موسم سرما کے لئے ذخیرہ اندوزی کرتی ہیں ۔جس طرح آدمی دنیوی معاملات میں منصوبہ بندی کررہا ہے ، والدین اپنے نونہالوں کے مستقبل کے لئے منصوبہ بندی کررہے ہیں ، تاجرین تجارت وکاروبار کو فروغ دینے کے لئے منصوبہ بندی کررہے ہیں ، فوج اپنی مہم سرکرنے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے ، حیوانات اپنی حیثیت سے منصوبہ بندی کررہے ہیں ؛اسی طرح ایک مسلمان کو آخرت کی زندگی کی فکر کرنی چاہئے، اخروی زندگی کی راحت کی خاطر آنے والے دنوں کے لئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے ، عالم جاودانی میں آرام کے لئے مستقبل کی پلاننگ کرنی چاہئے؛اللہ تعالی کا ارشاد ہے:ترجمہ:اے ایمان والو ! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص کو جائزہ لینا چاہئے کہ وہ آنے والے کل کے لئے کیا تیار کر رکھا ہے ، اور اللہ سے ڈرتے رہو !یقینا اللہ تعالی جانتاہے جو کچھ تم کرتے ہو۔(سورۃ الحشر ۔18)جب دنیا کے کاموں کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، عصری تعلیم ، بزنس ، سیکورٹی اور دیگر دنیوی امور کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے تو اخروی معاملات اور دینی امور کے لئے اور زیادہ اہتمام کیا جانا چاہئے ، اللہ تعالی کی جانب سے کوئی نعمت مل رہی ہوتو اس کی قدر دانی کے لئے پہلے سے پلاننگ ہونی چاہئے ، اس کے لئے پہلے سے منصوبہ بندی ہونی چاہئے ۔
استقبال رمضان کا پہلا خطبہ ، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بشارت:اسی وجہ سے حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے ماہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اس کی عظمت وشان آشکار کی ہے، آمد رمضان سے پہلے اس کے فضائل سے متعلق خطبے ارشاد فرمائے ہیں، استقبال رمضان سے متعلق بنیادی طورپر تین روایتیں ہیں ، جواستقبال رمضان کے عنوان پر تین بلیغ خطبوں کی حیثیت رکھتی ہیں:ماہ رمضان کی آمد سے پہلے حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم صحابہ کرام علیہم الرضوان کو اس کی آمد کی خوشخبری سناتے، جیساکہ مسند امام احمد میں حدیث پاک ہے:ترجمہ:سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ،آپ نے فرمایا:حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے صحابہ کو خوشخبری سناتے ہوئے ارشادفرمایا:تمہارے پاس ماہ رمضان کی آمد آمد ہے، یہ ایک برکت والامہینہ ہے ۔ اللہ تعالی نے تم پر اس کے روزے فرض کئے ہیں ، اس میں جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں ، دوزخ کے دروازے بند کئے جاتے ہیں اور شیاطین کو قید کیا جاتاہے ، اس مہینہ میں ایک رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے ، جو شخص اُس رات کی بھلائی سے محروم رہا تو حقیقت میں وہ محروم رہ گیا۔(مسند امام احمد،مسند ابوہریرۃ،حدیث نمبر:9227)ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی جنت کے دروازوں کا کھولا جانا بتلارہاہے کہ جو لوگ ماہ رمضان میں نیکیاں کریں گے اُن کے لئے جنت کے دروازے کھلے ہوئے ہیں ، جنت میں داخلہ اُن کے لئے طے ہے ، جنت اپنی تمام نعمتوں کے ساتھ اُن کا انتظار کر رہی ہے ، اور رمضان کی آمد پر دوزخ کے دروازوں کا بندکیاجانا،اشارہ دے رہاہے کہ اس ماہ مبارک میں نیک عمل کرنے والوں کے لئے دوزخ کے دروازے بندہیں ، اُن کا ٹھکانہ تو جنت ہے ،امام بیہقی نے شعب الایمان میں ایک روایت نقل کی ہے:ترجمہ:سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، آپ نے فرمایا:حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جب ماہ رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے شیاطین اور سرکش جنات بیڑیوں میں جکڑدئے جاتے ہیں ، دوزخ کے دروازے بند کئے جاتے ہیں ، پھر اُس کا کوئی دروازہ کھولا نہیں جاتا، اور جنت کے دروازے کھول دئے جاتے ہیں ، پھر اُس کا کوئی دروازہ بند نہیں کیا جاتا، اور ایک ندا دینے والا ہررات ندا دیتاہے :اے نیکی کو چاہنے والے !نیکی کرگزر ، اور اے بدی کو چاہنے والے !بدی سے باز آجا ، اللہ تعالی کے دوزخ سے آزاد کئے ہوئے کئی بندے ہوتے ہیں ، رحمتوں کا یہ سلسلہ ہررات جاری رہتاہے (شعب الایمان للبیھقی ، حدیث نمبر:3446۔جامع الترمذی،حدیث نمبر:684)ماہ رمضان میں اللہ تعالی کی جانب سے خصوصی طور پرظاہری و باطنی ماحول کو نیکیوں کے لئے سازگار بنادیا جاتاہے ، ہر اعتبار سے بندہ کے لئے نیکی آسان کردی جاتی ہے اور برائی کے اسباب کو نہایت کم کیا جاتاہے ، شیطان مقید ہوتاہے ، نفس ،روزہ کے ذریعہ قابو میں رہتاہے ، ہرطرف بھلائی کرنے کے لئے ماحول آسان سے آسان کیا جاتاہے ۔ اس نعمت سے ہمیں استفادہ کرناچاہئے، اس کی قدر شناسی اور قدردانی کرنی چاہئے ۔
﴿استقبال رمضان کا دوسراخطبہ ، پہلی رات ، بخشش کا مژدہ ﴾:کسی بات کو بیان کرنے کے مختلف انداز ہوتے ہیں، بات سادہ انداز میں کہی جاتی ہے ، اس کے بجائے تاکید کے ساتھ کہی جائے تو اس کی اہمیت معلوم ہوتی ہے اور اگر بیان کرنے سے پہلے تمہیدلائی جائے تو بیان کی جانے والی بات کی غیرمعمولی اہمیت واضح ہوتی ہے ، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ماہ رمضان کے بارے میں تمہید کے ساتھ بیان فرماکر اس کی غیر معمولی اہمیت کو ظاہر فرمایا، جیساکہ صحیح ابن خزیمہ میں روایت ہے :ترجمہ:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:ایک(آنے والا ) تمہارے سامنے آرہاہے اورتم اُس کااستقبال کروگے۔یہ جملہ تین مرتبہ ارشادفرمایا۔حضرت عمربن خطاب رضی اللہ عنہ نے عرض کی:یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !کیاکوئی وحی نازل ہوئی ؟ فرمایا:نہیں ،عرض کی:کیا کوئی دشمن آیاہے؟ فرمایا:نہیں!عرض کی!توپھر کیا واقعہ پیش ہونے والا ہے ؟ارشاد فرمایا:(ماہ رمضان کی آمدآمدہے)یقینا اللہ تعالی ماہ رمضان کی پہلی رات اس قبلہ کوماننے والے تمام اہل ایمان کی مغفرت فرمادیتاہے ،حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرماتے وقت اپنے دست مبارک سے قبلہ کی جانب اشارہ فرمایا۔(صحیح ابن خزیمۃ ،کتاب الصیام،جماع ابواب فضائل شھررمضان وصیامہ، حدیث نمبر:1778۔شعب الایمان للبیہقی،حدیث نمبر:3468)رمضان کا مہینہ ابھی شروع نہیں ہوا ، آمد رمضان سے قبل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس کو اہمیت دے کر بیان فرمایا، اس کی عظمت آشکار فرمائی ، اس کے بارے میں مغفرت کا مژدہ سنایا، تاکہ اہل ایمان ماہ رمضان کی آمد سے پہلے تیاری کرلیں ، اس قدر اہمیت کے ساتھ بیان فرمایاکہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے وحی نازل ہونے کا گمان کیا ، دشمن کے حملہ کااندیشہ کیا ، اس سے معلوم ہوتاہے کہ ماہ رمضان سے پہلے ایک مہم کے طورپر اس کے استقبال کی تیاری کرنی چاہئے ، اس کے لمحہ لمحہ سے استفادہ کرنے کے لئے ذہنی وفکری طورپر ، علمی وعملی طورپر اورمعاشی ومعاشرتی طورپر تیار رہنا چاہئے ۔
ماہ رمضان کی تیاری اور طریقۂ صحابہ:جیساکہ الغنیۃ لطالبی طریق الحق میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت مذکورہے:ترجمہ:حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ نے فرمایا:حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صحابہ کرام جب ماہ شعبان کا چاند دیکھتے تو قرآن شریف کو سینہ سے لگائے رہتے اور تلاوت میں مصروف رہتے ، مسلمان اپنے اموال کی زکاۃ نکالتے تاکہ کمزور اور مسکین اس کو حاصل کرکے ماہ رمضان کے روزے رکھنے کی قوت حاصل کرے ،حکام و ذمہ داران ، قیدیوں کو طلب کرتے اور ان میں جوحدشرعی کے مستحق تھے، ان پر حد جاری کرتے، ورنہ ان کورہاکردیتے،تاجر حضرات اپنے ذمہ جو حقوق ہیں انہیں ادا کردیتے اور جو چیزیں وصول طلب تھیں انہیں حاصل کرلیتے یہاں تک کہ جب رمضان کاچانددیکھ لیتے تو غسل کرکے یکسوئی کے ساتھ عبادت میں مشغول ہوجاتے ۔(الغنیۃ لطالبی طریق الحق ج1، ص 188)مذکورہ روایت سے واضح طورپر معلوم ہوتاہے کہ صحابہ کرام علیہم الرضوان ماہ شعبان میں ہرسطح پر ماہ رمضان کی تیاری کرتے، عملی اعتبار سے تیاری کے لئے تلاوت قرآن کا خصوصی اہتمام کرتے ، معاشی سطح پر تیاری کرتے ہوئے لین دین کے معاملات کی تکمیل کرتے ، اپنے ذمہ جو حقوق باقی ہیں انہیں ادا کرتے ، وصول طلب رقوم حاصل کرتے، سماجی سطح پر تیاری کرتے، یہ بزرگ حضرات اپنی تیاری کے ساتھ ساتھ دوسروں کی تیاری کا لحاظ رکھتے ، شعبان میں مال کی زکوٰۃ نکالتے ، تاکہ تنگدست افراد ، روزہ رکھنے کے لئے زکوٰۃ کی رقوم کے ذریعہ تیاری کرلیں، جن قیدیوں سے متعلق شرعی سزائیں نہیں،انہیں رہا کرتے تاکہ وہ بھی ماہ رمضان کی تیاری کرلیں، ہرطرح سے تیاری کرنے کے بعد جب ماہ رمضان کا چاند دیکھتے تو ہمہ تن متوجہ ہوجاتے ، مکمل اہتمام کے ساتھ غسل کرکے ہمہ تن عبادت میں مشغول ہوجاتے۔
﴿استقبال رمضان پر تیسرا طویل ترین خطبہ ﴾:حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ماہ رمضان کی فضیلت ،روزوں کی فرضیت ، تراویح کی اہمیت اورشب قدر کی افضلیت پرمشتمل ایک بلیغ خطبہ ارشاد فرمایا،یہ استقبال رمضان کے عنوان پر طویل ترین خطبہ ہے،جس کی روایت امام بیہقی نے شعب الایمان میں کی ہے:حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شعبان کے آخر ی دن ہم سے خطبہ ارشاد فرمایا،اور ارشاد فرمایا: اے لوگو!تم پر ایک عظمت والا مہینہ سایہ فگن ہوچکاہے ، وہ برکت والا مہینہ ہے ،وہ ایسا مہینہ ہے جس میں ایک عظیم رات ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، اللہ تعالی نے اس کے روزوں کو فرض قرار دیا اور رات میں قیام کرنے کو نفل قراردیا، اس مہینہ میں جس شخص نے نفل عمل کیا وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے دوسرے مہینہ میں فرض اداکیا اور جس شخص نے اس میں ایک فرض ادا کیا وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے دوسرے مہینہ میں ستر(70) فرائض ادا کئے ۔اوروہ صبرکا مہینہ ہے اور صبرکا ثواب جنت ہے اور غمخواری کا مہینہ ہے، یہ ایسا مہینہ ہے جس میں مؤمن کا رزق بڑھادیا جاتاہے، اس مہینہ میں جس نے ایک روزہ دار کو افطار کروایا وہ اس کے گناہوں کی بخشش اور دوزخ سے اس کی گردن کی آزادی کا سبب ہے اور اس کے لئے روزہ دار کے ثواب کے برابر اجر وثواب ہے؛ روزہ دار کے ثواب میں کمی کئے بغیر۔ ہم نے عرض کیا :یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم !ہم میں سے ہر شخص وہ نہیں پاتا جس کے ذریعہ وہ روزہ دار کو افطار کروائے،تو حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا :اللہ تعالی یہ ثواب اس شخص کوبھی دیتا ہے جس نے کسی روزہ دار کو دودھ کے گھونٹ یا ایک کھجوریا پانی کے گھونٹ پر افطار کروایا اور جو شخص کسی روزہ دار کو شکم سیر کرتا ہے اللہ تعالی اس کو میرے حوض سے ایسا گھونٹ پلائے گا کہ وہ پیاسانہ ہوگا یہاں تک کہ وہ جنت میں داخل ہوجائے ، اور یہ ایسا مہینہ ہے جس کا ابتدائی حصہ رحمت کاہے، درمیانی حصہ مغفرت کاہے اور آخری حصہ دوزخ سے آزادی کاہے اور جوشخص اس مہینہ میں اپنے غلام سے بوجھ کوکم کرے اللہ تعالی اس کی مغفرت فرمائے گا اور اس کو دوزخ سے آزادفرمادے گا ۔اور حضرت ھمام کی روایت میں ان الفاظ کا اضافہ ہے "ماہ رمضان میں چار چیزوں کی کثرت کرو!ان میں دوچیزیں ایسی ہیں جن کے ذریعہ تم اپنے رب کو راضی کرسکتے ہو! اور دوچیزیں ایسی ہیں جن کے بغیر تمہارے لئے کوئی چارہ نہیں،اب رہی وہ دوچیزیں جن کے ذریعہ تم اپنے رب کو راضی کرسکتے ہو!وہ یہ ہیں:کلمۂ طیبہ- لاالہ اللہ محمد رسول اللہ-کا ورد کرنا اور اللہ سے مغفرت طلب کرنا۔ اب رہی وہ دوچیزیں جن کے بغیرتمہارے لئے کوئی چارہ نہیں، وہ یہ ہیں:تم اللہ تعالی سے جنت کا سوال کرتے رہو اور دوزخ کے عذاب سے اللہ کی پناہ مانگو"(شعب الایمان للبیھقی،فضائل شھررمضان،حدیث نمبر3455، مشکوۃ المصابیح ، کتاب الصوم، ص 173/174،زجاجۃ المصابیح ج1،، کتاب الصوم،ص541)
..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں