ہفتہ، 27 مئی، 2017

Ramzan Ul Mubarak K Rozon ki Fazeelat Ahadis Ki Raushni Me

رمضان المبارک کے روزوں کی فضیلت احادیث کی روشنی میں
محمد رضا مرکزی

    رمضان المقدس کی عظمت وبرتری اور فضیلت عالم اسلام کے تمام مسلمانوں پر روز روشن کی طرح ظاہر وباہر اور عیاں ہیں ۔اس مقدس ماہ کا ذکر رب مقدس میں اپنے مقدس کلام میں کیا کہ:"رمضان کا مہینہ وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا"اور اس ماہ کی فضیلت حضور مقدس ﷺ نے اپنی زبان فیض ترجمان سے بیان فرمائی ۔قرآن واحادیث میں اس ماہ کی فضیلت کثرت سے ملتی ہے یہاں پر ان احادیث کا ذکر کیا جا رہا ہے جن میں رمضان المبارک کی فضیلت موجود ہے ۔اسی طرح اس ماہ کے روزوں کی بھی بہت فضیلت ہے قرآن وحدیث میں اس کا بہت ذکر موجود ہے ۔اللہ تعالی قرآن مقدس میں ارشاد فرماتا ہے :اے ایمان والوں تم پر روزے فرض کئے گئے ہیں جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے ۔عجب نہیں کہ تم متقی بن جاؤ۔
    حضرت طلیحہ بن عبید اللہ روایت کرتے ہیں کہ ایک اعرابی جس کے بال الجھے ہوئے تھے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور نماز ،زکوٰۃ ،اور رمضان کے روزوں کے بارے میں سوال کیا ،آپ ﷺ نے روزے والے سوال کے جواب میں ارشاد فرمایا :اللہ نے ماہ رمضان کے روزے ہم پر فرض کئے ۔(بخاری شریف،حدیث۱۷۶۴)
    سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہے کہ قریش عہد جاہلیت میں عاشورہ کے روزے رکھا کرتے تھے ۔رسول اللہ ﷺ نے بھی ان کا حکم دیا ۔تا آنکہ جب رمضان کے روزے فرض قرار دئیے گئے تو آپ نے فرمایا :جوچاہے (عاشورہ کا)روزہ رکھے اور جو چاہے نہ رکھے ۔(بخاری شریف ،حدیث۱۷۶۶)
    حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:روزہ گناہوں کے لئے ڈھال ہے بناءبریں نہ تو فحش کام کیا جائے اور نہ جہالت کی بات،اگر کوئی شخص روزہ دار سے جھگڑے یا گالی دے تو کہہ دے میں روزہ سے ہوں ۔روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بہتر ہے وہ کھانا پینا اور مرغوبات محض میرے لئے چھوڑتا ہے۔اور مزید اللہ فرماتا ہے ۔روزہ میرے لئے ہے اور میں ہی اس کا صلہ دیتا ہوں اور ہر نیکی پر دس گنا ثواب ملتا ہے ۔(بخاری شریف،حدیث ۱۱۸۵)
    سہل روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جنت کا ایک دروازہ ہے جس کا نام ریان ہے قیامت کے دن اس دروازے سے بجز روزہ داروں کے اور کوئی داخل نہ ہوسکے گا کہا جائے گا روزہ دار کہاں ہیں وہ لوگ کھڑے ہو جائیں گے اس دروازے سے ان کے علاوہ کوئی اور داخل نہ ہو گا جب وہ داخل ہو جائیں گے تو وہ دروازہ بند کر دیا جائے گا ۔اور اس میں کوئی اور داخل نہ ہو سکے گا۔(بخاری شریف،حدیث۱۱۸۷)
    حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھل جاتے ہیں ۔(بخاری شریف،حدیث ۱۷۷۱)ایک اور روایت ہے کہ :جب ماہ رمضان آتاہے تو آسمان کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور شیاطین زنجیروں سے باند ھ دیئے جاتے ہیں ۔(بخاری شریف،حدیث۱۷۷۲)
    رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :جس نے دروغ گوئی اور جھوٹ پرعمل نہ چھوڑاتو اللہ تعالی کو اس کے کھانے پینا چھوڑنے کی چنداں ضرورت نہیں ۔(بخاری شریف،حدیث ۱۷۷۶)
    رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:جب ماہ رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے شیطانوں اورسرکش جنوںکو بڑیاں پہنادی جاتی ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں اور جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں ۔ایک منادی پکارتا ہے ۔اے طالب ِخیر!آگے آ،اے شر کےمتلاشی !رک جا،اور اللہ تعالی کئی لوگوں کو جہنم سے آزاد کر دیتا ہے ساری رات یونہی ہوتا رہتا ہے ۔ (ترمذی شریف،حدیث۶۶۰)
..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں