ہفتہ، 27 مئی، 2017

Mahe Ramzan Me Huzoor Ki Kamal E Sakhawat

ماہ رمضان میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی کمال سخاوت
پیش کش: ڈاکٹر مشاہدرضوی آن لائن ٹیم  

ماہ رمضان کی آمدکے ساتھ ہی رحمت الہی جو ش زن ہوجاتی ہے، آسمان کے دروازے کھولے جاتے ہیں،جنت کے درواز ے واہوجاتے ہیں ،ہر سوصفت رحمت کا ظہور ہوتا ہے، حضرت نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی صفات ستودہ میں ایک صفت سخاوت وفیاضی ہے ، ماہ رمضان میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم دیگر مہینوں کی بہ نسبت زیادہ سخاوت فرماتے جیسا کہ صحیح بخاری شریف ج1،باب کیف کان بدء الوحی ،ص3،میں حدیث پاک ہے:ترجمہ:حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے آپ نے فرمایا: حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں میں سب سے زیادہ سخاوت فرمانے والے ہیں اورآپ کی سخاوت اس وقت اپنے کمال پر ہوتی جب ماہ رمضان میں جبریل امین علیہ السلام شرف باریابی کے لئے حاضر ہوتے اور رمضان کی ہر شب آپ حاضر ہوکر حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے قرآن کریم کا دور فرماتے۔ بلاشبہ حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا خیر و بھلائی میں جود و سخا،فع رسانی کے لئے چھوڑی ہوئی تیز ہواؤں سے بھی زیادہ ہے۔( صحیح بخاری شریف‘ ج 1‘ ص 3‘ باب بدءالوحی،حدیث نمبر:6۔صحیح مسلم، حدیث نمبر:6149سنن نسائی، حدیث نمبر:2094)اس حدیث مبارک میں لفظ ’’جود‘‘ کے متعلق شارحین حدیث نے فرمایا کہ یہ لفظ بہت جامع اور وسیع معنی کو شامل ہے جس سے مراد :إعطاء ما ینبغی لمن ینبغی۔اپنے کسی مفاد و غرض کو وابستہ کئے بغیر محض فضل و احسان کے طور پر ہر ایک کو اس کے مناسب حال نعمتوں اور بخششوں سے سرفراز فرمانا ہے۔حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وصحبہ وسلم چونکہ اللہ تعالیٰ کی ذات مقدسہ و صفات مبارکہ کے مظہر اتم و اکمل ہیں اور اللہ تعالیٰ کی صفتوں میں سے ایک صفت "جواد" ہے‘ حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وصحبہ وسلم دیگر صفات مبارکہ کی طرح اس صفت کے بھی کامل مظہر ہیں۔امام بیہقی کی شعب الایمان میں حدیث پاک ہے:عن ابن عباس قال کان رسول الله صلی الله عليه وسلم اذا دخل شهر رمضان اطلق کل اسير واعطی کل سائل۔ترجمہ:حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنھما سے روایت ہے آپ نے فرمایا:جب ماہ رمضان آتا تو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہر گرفتار کو آزادکر دیتے اور ہر مانگنے والے کو عطافرماتے۔(بیہقی شعب الایمان،فضائل شھر رمضان،حدیث نمبر:3475۔مجمع الزوائد،حدیث نمبر:4838)اللہ تعالی نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ والہ وصحبہ وسلم کو احکام مقرر کرنے اوراس کا اجر وثواب متعین کرنے کا مکمل اختیار عطافرمایا چونکہ ماہ رمضان میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم زیادہ سخاوت فرماتے ہیں، اسی لئے عادت مبارکہ کے مطابق آپ نے رمضان کے خصوصی احکام مقرر فرمائے اور خصوصی اجر وثواب کی بشارت عطافرمائی ۔نفل کا ثواب فرض کے برابر ،فرض کا ثواب ستر فرائض کے برابر، روزہ دار کو افطار کرانے پر روزہ رکھنے کاثواب ، روزہ دار کو شکم سیر کرنے پر جام کوثر سے سیر ابی کی بشارت ، مومن کے رزق میں اضافہ کا وعدہ ، اعتکاف کرنے والے کے لئے تمام نیک اعمال کرنے کا ثواب وغیرہ۔رمضان المبارک کے ان خصوصی اعمال پر خصوصی اجرو ثواب احادیث شریفہ میں وارد ہے ،قرآن کریم کی کسی آیت میں بصراحت اس کا ذکر نہیں، یہ محض حضوراکرم صلی اللہ علیہ والہ وصحبہ وسلم کی شان سخاوت کا اثر اور صفت جود کا صدقہ ہے۔
..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں