بدھ، 10 مئی، 2017

Shab E Baraat K Nawafil Awr Khusoosi Wazaef


شبِ براءت کے نوافل اور خصوصی وظائف
پیش کش: ڈاکٹر مشاہد رضوی آن لائن ٹیم


شب برات بڑی رحمتوں، برکتوں، بخششوں عظمتوں والی شب مبارکہ ہے۔ یہ وہ شب مبارکہ ہے جس میں آئندہ سال ہونے والے تمام عوامل کا فیصلہ کیا جاتا ہے ۔
شب برات کو حضور اکرم قبرستان تشریف لے جاتے اور مُردوں کے لئے دعائے مغفرت فرماتے تھے۔ اس شب مبارک میں رب الکائنات کی رحمت اس قدر موجزن ہوتی ہے کہ بنی قلب (عرب کا بہت بڑا قبیلہ) کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔
ختم الرسل مولائے کل سرور کون و مکاں حضرت محمد نے فرمایا کہ جو شخص (شب برات) پندرہ شعبان کی رات کو قرآن مجید کی کثرت کے ساتھ تلاوت کرے اور صدق دل سے ان آیات کریمہ پر اپنے خیال جمائے تو اللہ تعالیٰ اس کی برکت سے اس کے والدین کے عذاب کو کم کر دیتا ہے خواہ وہ کافر و ملحد ہوں یا گمراہ ہی کیوں نہ ہوں۔ دانائے سبل نے فرمایا جو شخص اس شب مبارکہ میں عبادت کرے اور گناہوں پر شرمندہ ہو تو اللہ تعالیٰ اس کی ہر دعا قبول فرمائے گا خواہ اس کی دعا اپنی بلندی اور وسعتوں کے اعتبار سے ”اُحد پہاڑ“ کے برابر ہی کیوں نہ ہو۔ اس رحمتوں اور بخششوں بھری رات میں کثرت سے تلاوت کلام پاک، درود شریف، صلوٰة التسبیح کے علاوہ مندرجہ ذیل نوافل ادا کئے جائیں تو کم سے کم عبادت کرنے سے زیادہ سے زیادہ ثواب حاصل ہو گا۔
شب برات کے نوافل مع فضیلت
-1شافع یوم جزا کا فرمان عالیشان ہے کہ جو شخص آج کی شب 12رکعات نماز نفل (دو، دو یا چار چار کر کے) پڑھے گا تو اللہ تعالیٰ اس کو بارہ ہزار شہیدوں کا ثواب عطا فرمائے گا۔ بارہ سال کی عبادت کا ثواب لکھتا ہے اور گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتا ہے جیساکہ آج ہی اس نے جنم لیا ہو، اور 80دن تک اس کے گناہ نہیں لکھے جاتے۔ مزید ارشاد گرامی ہے کہ جو شعبان کی پہلی رات اور آخری جمعرات کو روزہ رکھے گا تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اس کو جنت میں جگہ عطا فرمائے گا۔
-2خاتون جنت حضرت فاطمہ رضی اللّٰہ عنہا فرماتی ہیں کہ جو شخص 8رکعات نماز نفل (آٹھ رکعات اکٹھے ایک سلام کے ساتھ) ادا کرے اور اس کا ثواب مجھے پہنچائے تو میں اس وقت تک جنت میں قدم نہ رکھوں گی جب تک اس شخص کی بخشش نہ کروا لوں گی۔ نفل پڑھنے کا طریقہ کچھ اس طرح ہے کہ سورة فاتحہ (الحمد للہ) پڑھنے کے بعد گیارہ مرتبہ سورة اخلاص (قل ھو اللہ) پڑھے ہر دو رکعات کے بعد اتحیات میں بیٹھے اور پوری اتحیات پڑھے اور سلام پھیرے بغیر کھڑا ہو جائے اس ترتیب کے ساتھ آٹھ رکعات نماز نفل مکمل کر کے سلام پھیرے اور اس کا ثواب حضرت فاطمہ رضی اللّٰہ عنہا کو بخش دے۔
-3حیدر کرار حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ سے روایت ہے کہ جو شخص 14رکعات نماز نفل (دو دو یا چار چار کر کے کسی سورة کی قید نہیں) پڑھے اور یہ نوافل ادا کرنے کے بعد سورة فاتحہ 14مرتبہ سورة اخلاص 14مرتبہ سورة الناس 14مرتبہ ایک مرتبہ آیت الکرسی اور ایک مرتبہ آیت (لقد جاءکم رسول من انفسکم) پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس نماز کے پڑھنے والے کے نامہ اعمال میں 20سال کے مقبول روزہ اور 20سال کے مقبول حج کا ثواب لکھا جاتا ہے۔
-4خواجہ حسن بصری رحمۃ اللّٰہ علیہ سے روایت ہے کہ جو شخص 100رکعات نماز نفل (دو دو یا چار چار کر کے) پڑھے ہر رکعت میں سورة فاتحہ کے بعد سورة اخلاص 10مرتبہ پڑھے تو اللہ تعالیٰ اس بندے کی طرف 70مرتبہ نگاہ کرم فرمائے گا ہر نگاہ کے بدلے اس کی 70حاجتیں پوری فرمائے گا۔ ادنیٰ ترین اس کی حاجت اس کی مغفرت ہے اس نماز کو صلٰوة الخیر کہتے ہیں۔
-5آٹھ رکعات نماز نفل ہر رکعت میں سورة فاتحہ کے بعد سورة القدر (انا انزلنا) ایک دفعہ اور سورة اخلاص 25مرتبہ پڑھیں (دو دو رکعت کر کے پڑھیں) یہ نوافل پڑھنے سے خصوصی رحمتوں اور برکتوں کا نزول ہو گا۔

*شب برات کے خصوصی وظائف*
٭ جو شخص آج کی شب مبارکہ میں قرآن پاک کے دل یعنی سورة یٰسین پڑھے گا اس کے رزق میں برکت ہو گی، عمر میں اضافہ ہو گا اور ناگہانی آفتوں سے محفوظ رہے گا۔
٭ اس شب مبارکہ میں سورة دخان (پارہ (25کی جو شخص 7مرتبہ تلاوت کرے گا اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اس شخص کی 70حاجات دنیاوی اور 70حاجات اخروی پوری فرمائے گا۔
٭ اس شب بیری کے درخت کے سات پتوں کو پانی میں جوش دیکر نہانے سے تمام جادو ٹونے اور برے اثرات سے محفوظ رہے گا۔ امن و امان اور جان و مال کی حفاظت کیلئے سورة البقرہ کے آخری رکوع کی آیات (امن الرسول) سے لیکر (علی القوم الکفرین) تک پڑھنا نہایت ہی باعث برکت اور مستحسن ہے۔ جو کوئی پندرہویں شعبان کو روزہ رکھے گا دوزخ کی آگ اس کو نہ چھوئے گی۔ رب العزت سے دلی دعا ہے کہ وہ ہمیں اس شب مبارکہ کی فیوض و برکات سے صحیح معنوں میں سرفراز ہونے کی توفیق فرمائے۔آمین  


..:: Follow us on ::..

http://www.jamiaturraza.com/images/Twitter.jpghttp://www.jamiaturraza.com/images/Facebook.jpg
 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں