عالم اسلام کی عظیم شخصیت حضور تاج الشریعہ علامہ اختر رضا ازہری میاں کا وصال
بریلی سے موصولہ اطلاع کے مطابق 20 جولائی بروز جمعہ بوقت شام وارثِ علوم اعلیٰ حضرت جانشین مفتی اعظم تاج الشریعہ علامہ مفتی اختر رضا خان قادری ازہری میاں (قاضی القضاۃ فی الہند) وصال فرما گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اطلاع کے مطابق حضور تاج الشریعہ علیل تھے۔ آپ کا وصال اہلسنّت و جماعت کا عظیم نقصان ہے۔ آپ عالمی سطح پر قائد کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ آپ کا وصال اسلامی دنیا کا بہت بڑا نقصان ہے۔ بریلی شریف میں ہی تدفین ہوگی جب کہ تادم تحریر تدفین سے متعلق تفصیلات مہیا نہ ہو سکیں۔ آپ اعلیٰ حضرت کے نبیرہ اور حضور مفتی اعظم کے جانشین تھے۔ قاضی القضاۃ فی الہند کے منصب پر فائز تھے۔ آپ نے دارالافتاء بریلی شریف کی مسندسے کثیر فتاویٰ جاری فرمائے۔ بریلی میں عظیم اسلامی یونیورسٹی قائم کی۔ آپ کی نگرانی میں شرعی کونسل آف انڈیا بریلی شریف ایک عرصے سے اسلامیان ہند کی شرعی رہنمائی کیلئے متحرک ہے ۔ عربی، اردو،انگریزی میں متعدد کتابیں تصنیف کیں۔ درجنوں کتبِ اعلیٰ حضرت کو عربی میں ترجمہ کیا۔ نیز متعدد کتب کو عربی سے اردو میں ترجمہ کیا۔آپ عرب و عجم میں یکساں مقبول تھے۔ سلسلۂ قادریہ کی وسیع پیمانے پر اشاعت کی۔لاکھوں مریدین پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں۔ تقویٰ و استقامت میں بے نظیر اور اپنی مثال آپ تھے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں