منگل، 1 جون، 2021

Allama Muhammad Ahmad Misbahi Ahwal O Afkaar


"علامہ محمد احمد مصباحی : احوال و افکار" 

علامہ محمد احمد مصباحی کے موے قلم سے نکلی ہوئی تحریریں اردو کے نثری اثاثے میں گراں قدر اضافے سے کم نہیں۔ آپ کا طرزِ تحریر بڑا عمدہ، شگفتہ، سلیس، رواں دواں اور ادبی حسن و جمال سے مملو ہے ۔ آپ ایک صاحبِ طرز ادیب ہیں۔ آپ کا اسلوب منفرد ہے۔ بیان کی سادگی، برجستگی، پختگی اور توضیح آپ کی نثر کا خاص وصف ہے، تصنع اور بناوٹ ان کے یہاں نام کو بھی نہیں ہے، وہ کوئی مضمون تکلف سے نہیں لکھتے، پیچیدگی کا ان کے یہاں گزر نہیں۔ ابہام انھیں پسند نہیں۔ ہر جگہ وضاحت و صراحت نمایاں ہے۔ سیدھے سادے جملے، سیدھے سادے انداز میں پیش کرتے ہیں۔ لیکن ان کے باوجود ان کی نثر غیر معیاری نہیں ہے بلکہ ہر جگہ معیاری لب و لہجہ اور مستند زبان و بیان کی پاسداری ملتی ہے اور یہ چیز ان کے وسعتِ مطالعہ کا پتا دیتی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ علامہ محمد احمد مصباحی کا مطالعہ بہت وسیع ہے۔ ان کی نثر میں سادگی کے ساتھ پُرکاری بھی ہے۔ ان کی تحریروں کی زیریں رَو میں ادبی جمالیات کا ایک لہریں لیتا دریا رواں دواں ہے جو اہلِ ذوق کو سرشار کرتا چلتا ہے ۔ قرآنی آیات، تفاسیر، احادیثِ کریمہ، سیرتِ طیبہ تاریخ کے حوالوں سے آراستہ تحریریں بھی ایسی تازہ کاری اور ادبی علو سے ہم رشتہ ہیں کہ قاری کو بوجھل پن محسوس نہیں ہوتا۔ روزمرہ اور محاورات کا برجستہ استعمال کرتے ہوئے اجمال میں تفصیل کا ابلاغ بھی آپ کی نثر کی بہت بڑی خوبی ہے ۔
علامہ محمد احمد مصباحی دام ظلہٗ کی حیات و خدمات ہر اعتبار سے لائقِ تحسین و آفرین ہے ۔ برادرِ گرامی مفتی محمد توفيق احسن برکاتی مصباحی صاحب نے اپنے استاذ گرامی کی بارگاہ میں اس بہترین علمی و تحقیقی کتاب "علامہ محمد احمد مصباحی : احوال و افکار" کی شکل میں ایک ایسا عمدہ اور منفرد خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ میں اپنی جانب سے اور جملہ اہل خانہ کی طرف سے انھیں صمیم قلب کے ساتھ مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ دعا ہے کہ رب کریم مفتی محمد توفيق احسن برکاتی مصباحی صاحب کو دارین کی سعادتوں سےمالامال فرمائے اور انھیں خوش و خرم اور شاد و آباد رکھے ، آمین بجاہ النبی الامین الاشرف الافضل النجیب صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وصحبہ وبارک وسلم
... مشاہد رضوی و جملہ اہل خانہ
مالیگاﺅں ، ناسک (مہاراشٹر)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں