پیر، 9 جنوری، 2023

Arbaeen E Midhat Dr Mushahid Razvi ki Dil Aawez Kawish Allama Syed Aulad E Rasool Qudsi



اربعینِ مدحت : ڈاکٹر مشاہدؔ رضوی کی دل آویز کاوش
از: علامہ سید اولادِ رسول قدسی مصباحی، نیویارک ، امریکا

یہ ایک ناقابلِ انکار حقیقت ہے کہ نعت گوئی کسبی نہیں بلکہ وہبی ہے۔ جس کے اندر من جانب اللہ نعت گوئی کا ملکہ موجود ہوتا ہے وہ اسے بروے کار لاکر جب شعر کہنے کی کوشش کرتا ہے تو اس پر ربِّ اکرم جل جلالہٗ اور اس کے حبیبِ مکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا ایسا احسان و فیضان ہوتا ہے کہ اس کے نوکِ قلم سے نعتیہ اشعار کے وُرود کا سلسلہ چل پڑتا ہے۔ پھر یہ وُرود آورد نہیں بلکہ آمد سے ہم آہنگ و مربوط نظر آتا ہے۔

یہ بات مہرِ نیم روز کی طرح ظاہر و باہر ہے کہ جن اشعار میں آمد کی جلوہ گری ہوتی ہے اس میں وجد و کیف ایسا بااثر اور پُرکار سیلان ہوتا ہے کہ قاری انھیں پڑھ کر بے خود سا ہونے لگتا ہے ۔

کچھ ایسی ہی کیفیات و خوبیاں ڈاکٹر مشاہدؔ رضوی کے نعتیہ اشعار کے پرت پرت میں ہویدا ہیں۔ میرے مذکورہ دعوے کی پشت پناہی کے طور پر مشاہدؔ کی ماہِ صیام میں لکھی گئی چالیس نعتوں کے مجموعے’’اربعینِ مدحت‘‘ کے درج ذیل اشعار سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں ؎

جو لکھے ہر روز نعتیں آپ کی
ہو ودیعت وہ قلم شاہِ امم
نعت گوئی ہو مشاؔہد کا اَثاث
ذوقِ مدحت ہو نہ کم، شاہِ امم

دُرود پڑھنے سے فکر و نظر سنورتے ہیں
خطا شعار کو کرتا ہے نیکوکار دُرود

دور کرتا ہے خوفِ یاس و قنوط
رنج و غم کی دوا ہے ذکرِ نبی

مل جائے مجھے صدقۂ حسان و رواحہ
تاعمر کروں نعت رَقَم سیدِ عالم
ڈوبا ہے گناہوں کے سمندر میں مشاہد
محشر میں رکھیں اِس کا بھرم سیدِ عالم

اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہِ بے نیاز میں دعا ہے کہ مولیٰ تعالیٰ رسولِ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم اور آپ کے نعت گو صحابۂ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے صدقے ڈاکٹر مشاہدؔ رضوی کی اِس گراں قدر و دل آویز کاوش کو مقبولِ خاص و عام فرمائے اور اُن کے ملکۂ نعت گوئی میں خوب اضافہ فرمائے، آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم !

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں