جمعرات، 16 اپریل، 2020

Surah Baqra k Mazameen


’’سورۂ بقرہ‘‘ کے مضامین:   

یہ قرآن پاک کی سب سے بڑی سورت ہے اور اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں بنی اسرائیل پر کئے گئے انعامات،ان انعامات کے مقابلے میں بنی اسرائیل کی ناشکری، بنی سرائیل کے جرائم جیسے بچھڑے کی پوجا کرنا، سرکشی اور عناد کی وجہ سے حضرت موسیٰ    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام   سے طرح طرح کے مطالبات کرنا،   اللہ    تعالیٰ کی آیتوں کے ساتھ کفر کرنا،انبیاء کرام   عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام    کو ناحق شہید کرنا اور عہد توڑناوغیرہ،گائے ذبح کرنے کا واقعہ اورنبی کریم    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   کے زمانے میں موجود یہودیوں کے باطل عقائد و نظریات اور ان کی خباثتوں کو بیان کیا گیا ہے اور مسلمانوں کو یہودیوں کی دھوکہ دہی سے آگاہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ’’سورہ ٔبقرہ‘‘ میں یہ مضامین بیان کئے    گئے ہیں:   

(1) …    قرآن پاک کی صداقت ،حقانیت اور اس کتاب کے ہر طرح کے شک و شبہ سے پاک ہونے کو بیان کیا گیا ہے۔   

(2) …    قرآن پاک سے حقیقی ہدایت حاصل کرنے والوں اور ان کے اوصاف کا بیان،ازلی کافروں کے ایمان سے محروم رہنے اور منافقوں کی بری خصلتوں کا ذکر کیا گیا ہے۔   

(3) …   قرآن پاک میں شک کرنے والے کفار سے قرآن مجید کی سورت جیسی کوئی ایک سورت بنا کر لا نے کا مطالبہ کیا گیا اور ان کے اس چیز سے عاجز ہونے کو بھی بیان کر دیاگیا۔   

(4) …   حضرت آدم   عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام    کی تخلیق کا واقعہ بیان کیا گیا اور فرشتوں کے سامنے ان کی شان کو ظاہر کیا گیا ہے۔   

(5) …   خانۂ کعبہ کی تعمیر اورحضرت ابراہیم    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام   کی دعا کا ذکر کیا گیاہے۔   

(6) …   اس سورت میں نبی کریم    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   کی پسند کی وجہ سے قبلہ کی تبدیلی اور اس تبدیلی پر ہونے والے اعتراضات و جوابات کا بیان ہے۔   

(7) …    عبادات اور معاملات جیسے نماز قائم کرنے،زکوٰۃ ادا کرنے، رمضان کے روزے رکھنے،خانۂ کعبہ کا حج کرنے،    اللہ    تعالیٰ کی راہ میں جہاد کرنے،دینی معاملات میں قمری مہینوں پر اعتماد کرنے،   اللہ    تعالیٰ کی راہ میں مال خرچ کرنے،والدین اور رشتہ داروں کے ساتھ سلوک کرنے،یتیموں کے ساتھ معاملات کرنے،نکاح،طلاق،رضاعت، عدت ،بیویوں کے ساتھ اِیلاء کرنے،جادو،قتل،لوگوں کے مال ناحق کھانے، شراب، سود،جوا اورحیض کی حالت میں بیویوں کے ساتھ صحبت کرنے وغیرہ کے بارے میں مسلمانوں کو ایک شرعی دستور فراہم کیا گیا ہے۔   

(8) …   تابوت سکینہ ، طالوت اور جالوت میں ہونے والی جنگ کا بیان ہے۔   

(9) …   مردوں کو زندہ کرنے کے ثبوت پرحضرت عزیر    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام   کی وفات کا واقعہ ذکر کیا گیا ہے۔   

(10) …   حضرت ابراہیم   عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام    کو چار پرندوں کے ذریعے مردوں کو زندہ کرنے پر    اللہ    تعالیٰ کی قدرت کا نظارہ کرو انے کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔   

(11) …   اس سورت کے آخر میں    اللہ    تعالیٰ کی بارگاہ میں رجوع کرنے،گناہوں سے توبہ کرنے اور کفار کے خلاف مدد طلب کرنے کی طرف مسلمانوں کو توجہ دلائی گئی ہے اور مسلمانوں کو قیامت کے دن سے ڈرایا گیا ہے۔   

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں