جمعہ، 24 اپریل، 2020

Surah Maida k Mazameen


سورۂ مائدہ کے مضامین:

اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں یہودیوں اور عیسائیوں کے باطل عقائد و نظریات ذکر کر کے ان کا رد کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ اس سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں۔

(1) … مسلمانوں کو تمام جائز معاہدے پورا کرنے کا حکم دیاگیا اور ان جانوروں کے بارے میں بتایاگیا جو مسلمانوں پر حرام ہیں اور جو مسلمانوں کے لئے حلال ہیں۔

(2) … وضو ،غسل اور تیمم کے احکام بیان کئے گئے اور انصاف کے ساتھ گواہی دینے اور ناانصافی کرنے سے بچنے کا حکم دیا گیا۔

(3) … بنی اسرائیل سے عہد لینے ،ان کے عہد کی خلاف وزری کرنے اور اس کے انجام کو بیان کیا گیا۔

(4) …بنی اسرائیل کا جَبّارین سے جہاد نہ کرنے کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔

(5) …چوری کرنے اور ڈاکہ ڈالنے کی سزا کا بیان، شراب اور جوئے کی حرمت کا بیان، قسم کے کَفّارے کا بیان، احرام کی حالت میں شکار کے احکام۔ قرآن کے احکامات پر عمل کو ترک کرنے کی وعید، یہودیوں ، عیسائیوں ، منافقوں اور مشرکوں سے ہونے والی بحث کا بیان ہے۔

(6) …مسلمانوں کو اپنی اصلاح کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور اصلاح کا طریقہ بھی بیان کیا گیا ہے۔ یہ بھی فرمایا گیا کہ نیکی اور پرہیز گاری کے کاموں پر ایک دوسرے کی مدد کی جائے اور گناہ و سرکشی کے کاموں پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون حرام ہے، کفار کے ساتھ دوستی کرنا حرام ہے نیز گواہی کے متعلق فرمایا کہ گواہی دینے والا عادل ہو اور انصاف کے ساتھ فیصلہ کیا جائے اور مسلمانوں کے درمیان مساوات قائم کی جائے۔

(7) … اللہ  تعالیٰ کا دین ایک ہی ہے اگرچہ انبیاءِ کرام   عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  کی شریعت اور ان کے طریقے مختلف تھے۔

(8) … نبی کریم    صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کی نبوت پوری مخلوق کو عام ہے اور آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کو عام تبلیغ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

(9) …عبرت اور نصیحت کے لئے اس سورت میں یہ تین واقعات بھی بیان کئے گئے ہیں: 

(1) حضرت موسیٰ    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام   اور بنی اسرائیل کا واقعہ۔ 

(2) حضرت آدم    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام     کے دو بیٹوں قابیل اور ہابیل کا واقعہ۔ 

(3حضرت عیسیٰ    عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام    کے معجزے ’’کھانے کے دستر خوان‘‘ کے نازل ہونے کا واقعہ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

ٹیوٹر اپڈیٹس دیکھیں اور فالو کریں